کرونا وائرس ،آئندہ 15 روز بہت اہم ہیں:ترجمان پاک فوج
24 اپریل 2020 (17:24) 2020-04-24

راولپنڈی: ترجمان پاک فوج نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے عوام کو آگاہ کیا کہ کرونا وائرس کے حوالے سے آئندہ 15 روز بہت اہم ہیں، لہذا عوام گھروں میں رہیں اور گھروں کو ہی عبادت گاہ بنا لیں۔ دعا ہے کہ رمضان کی برکت سے پاکستان اور دنیا کو کرونا سے نجات ملے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارتی فوجی قیادت کے حالیہ بیان اندرونی ناکامیوں پر مایوسی ظاہر کرتے ہیں، آر ایس ایس کے انتہا پسندوں نے تمام عالمی قوانین کو پامال کیا، بھارت نے عالمی قوانین کو پامال کر کے ثابت کیا کہ بھارت ہندوتوا اور دہشتگردی کو فروغ دے رہا ہے،انہوں نے کہا کہ وبا کو اسلام سے جوڑنے کی مذموم بھارتی کوشش کی پوری دنیا نے مذمت کی۔ بھارت کی کشمیر میں لگائی گئی نفرت کی آگ پورے بھارت میں پھیل چکی ہے، بھارت کی حالیہ الزام تراشی کا مطلب اپنی غلط پالیسیوں سے ہوئے بلنڈر سے عالمی توجہ ہٹانا ہے، موجودہ صورتحال میں بھی بھارت آر ایس ایس کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔

پریس بریفنگ میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے مزید بتایا کہ موجودہ صورت حال میں پاک فوج نے انٹرنل سیکیورٹی الاؤنس نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تافتان، طورخم، چمن میں قرنطینہ اور آئسولیشن سہولتیں قائم کر دی ہیں۔ اندرونی ریلیف پروازوں کے ذریعے 64 ٹن سامان مختلف علاقوں میں پہنچایا ہے اور لاکھوں مستحق افراد کو راشن پہنچانے کا سلسلہ جاری ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آئندہ آنے والے 15 روز کرونا وائرس کے حوالے سے بہت اہم ہیں، خدشہ ہے آنے والے دنوں میں کرونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے انفرادی اور اجتماعی شدید احتیاط کی ضرورت ہے اور پاک فوج کے تمام دستیاب وسائل اس وبا سے نمٹنے کے لیے استعمال ہو رہے ہیں۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ کرونا وائرس کے دوران چین نے پاکستان کی مدد کر کے اچھے دوست ہونے کا ثبوت دیا، آج بھی چین سے 2 جہاز امدادی سامان اور ڈاکٹرز کی ٹیم لے کر پاکستان پہنچا ہے، چائنیز ڈاکٹرز 2 ماہ تک پاکستان میں قیام کریں گے، چین کی اس مدد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

ترجمان پاک فوج نے یہ بھی کہا کہ تمام فرنٹ لائن ڈاکٹرز اور پیرا میڈکس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، علمائے کرام اور میڈیا کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، علمائے کرام کا کردار قابل تعریف رہا اور میڈیا نے کرونا سے متعلق آگہی میں شاندار کردار ادا کیا، موجودہ صورت حال میں عوام گھروں کو عبادت گاہ بنائیں۔


ای پیپر