کرپشن کے کورونا نے بنیادوں کو کھوکھلا کر دیا: عثمان بزدار
24 اپریل 2020 (15:37) 2020-04-24

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ملکی بنیادوں کو کرپشن کے کورونا نے کھوکھلا کیا، کرپشن کا خاتمہ حکومت کا سر فہرست ایجنڈا ہے، عوام کے تعاون سے کورونا اور کرپشن پر قابو پائیں گے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں کی کرپشن کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑا، عوام بنیادی سہولتوں سے محروم رہے اور کرپشن کرنے والے عیش کرتے رہے، اپوزیشن جماعتوں کے پاس کورونا سے نمٹنے کا نہیں بلکہ کرپشن بچانے کا ایجنڈا ہے، پنجاب حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کئے، وقت ضائع کئے بغیر محکمہ صحت کو فنڈز جاری کیے گئے۔ پراپیگنڈہ کرنے والے جان لیں کہ عوام کی خدمت کھوکھلے دعوئوں سے نہیں ہوتی، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کورونا وبا پر قابو پانے کے لئے پرعزم ہیں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں کورونا وائرس جیسے قومی مسئلے پر بھی پوائنٹ سکورننگ کر رہی ہیں، یہ وقت پوائنٹ سکورننگ کا نہیں بلکہ اتحاد کا ہے، عوام کی زندگیوں کے مسئلے پر سیاست چمکانے کی کوشش قابل مذمت ہے، خالی بیان بازی کرنے والے عام آدمی کا دکھ درد کیا جانیں، زبانی جمع خرچ سے عوام کا ساتھ دیا جاسکتا ہے نہ عوام آپ کے ساتھ کھڑی ہو سکتی ہے، تحریک انصاف کی قیادت موجودہ حالات میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔


ای پیپر