Image by thehindu.com

بھارت میں دہلی سمیت دیگر ریلوے سٹیشنوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی، سیکیورٹی ہائی الرٹ
24 اپریل 2019 (11:31) 2019-04-24

نئی دہلی : سری لنکا میں ہونیوالے خوفناک دھماکوں کے بعد بھارت کے دارالحکومت دہلی کے ریلوے سٹیشن سمیت دیگر کئی ریلوے سٹیشنوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملنے کے بعد پولیس کو الرٹ کردیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دھمکی میں کہا گیا ہے کہ 13 مئی کو دھماکے کیے جائیں گے اور ایسا نہ ہوسکنے پر 16 مئی کو کاشی وشوناتھ مندر اور دہلی میں موجود اہم مندروں کو اڑایا جائے گا۔

میڈیا کے مطابق دھمکی ایک خط کے ذریعے دی گئی ہے جو محکمہ ڈاک کے ذریعے شاملی ریلوے سٹیشن ماسٹر کو بھیجا گیا ہے۔ خط ہندی میں ہاتھ سے تحریر کیا گیا ہے۔

ڈی جی پولیس او پی سنگھ کے حوالے سے خط کی تحقیقات اے ٹی ایس کے حوالے کردی گئی ہے جبکہ محکمہ پولیس کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ بھارتی ریلوے سٹیشنوں کو ملنے والی دھمکی ایک ایسے وقت میں دی گئی ہے جب پورے ملک میں لوک سبھا کے انتخابات ہو رہے ہیں۔ ان انتخابات کے تین مراحل مکمل ہوچکے ہیں۔

یاد رہے کہ سری لنکا میں اتوار کے دن ایسٹر کے موقع پر ایک ساتھ کئی گرجا گھروں کو بم دھماکوں کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 321 افراد اب تک ہلاک ہوچکے ہیں اور سینکڑوں زخمی ہیں۔


ای پیپر