فٹ بالر لیونل میسی نے زیادہ آمدنی میں رونالڈو کو پیچھے چھوڑ دیا
24 اپریل 2018 (21:03) 2018-04-24

اسلام آباد:بارسلونا اور ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے زیادہ آمدنی میں اپنے حریف کرسٹیانو رونالڈو کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جبکہ منیجرزمیں مانچسٹر یونائیٹڈ کے ہوزے مورینیو سب پر بازی لے گئے۔


تفصیلات کے مطابق موجودہ سیزن میں 126 ملین یوروز آمدنی کے ساتھ لیونل میسی اپنے تمام حریفوں سے کہیں آگے ہیں جہاں ان کے سب سے بڑے حریف کرسٹیانو رونالڈو نے 18-2017 سیزن میں 94ملین یوروز کمائے۔گزشتہ سیزن میں رونالڈو اس فہرست میں 87.5ملین یوروز کما کر سب سے آگے تھے جبکہ میسی نے 76.5 ملین یوروز کمائے تھے۔اگر میسی کی آمدنی کا میچز سے موازنہ کیا جائے تو رواں سیزن لا لیگا، چیمپیئنز لیگ، اسپینش کپ، سپر کپ، ارجنٹینا کے لیے 4 انٹرنیشنل میچز اور بارسلونا کے بقیہ 5 میچوں کو ملا کر انہوں نے فیلڈ میں فی منٹ 25ہزار یوروز کمائے۔


اس دوڑ میں برازیل کے اسٹار نیمار تیسرے نمبر پر ہیں جنہوں نے 81.5ملین یوروز کمائے۔ چوتھے نمبر پر ریال میڈرڈ کے گیرتھ بیل ہیں جنہوں نے 44 ملین جبکہ بارسلونا کے دفاعی کھلاڑی جیرارڈ پی کے نے 29ملین یوروز کمائے۔منیجرز کی بات کی جائے تو مانچسٹر یونائیٹڈ کے مشہور منیجر ہوزے مورینیو 26ملین یوروز کمار کر سب سے آگے ہیں، چین کے منیجر مارسیلو لپی 23 ملین ڈالرز کما کر دوسرے جبکہ ایٹلیٹکو میڈرڈ کے ڈیاگو سیمیونے تیسرے نمبر پر ہیں۔ ریال میڈرڈ کے زین الدین زیڈان اور مانچسٹر سٹی کے پیپ گارڈیولا کا بالترتیب چوتھا اور پانچواں نمبر ہے۔


ای پیپر