File Photo

کوئٹہ شہر پر دشمنوں کا ایک اور وار ،3دھماکے ،5اہلکار شہید
24 اپریل 2018 (18:01) 2018-04-24

کوئٹہ :سکیورٹی فورسز نے کوئٹہ کو بڑی تباہی سے بچا لیا، تین خود کش بمباروں کے حملے کو بناتے ہوئےتینوں دہشت گردوں کوہلاک کردیاجبکہ 5پولیس اہلکار شہید اور 7زخمی ہو گئے ، دو دہشت گردوں نے کوئٹہ کے مضافاتی علاقے میاں غنڈی میں چیک پوسٹ جبکہ تیسرے حملہ آور نے پولیس وین کو نشانہ بنایا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق کوئٹہ میں 3 خود کش بمباروں کے حملے کو سکیورٹی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے تینوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق دو خود کش بمباروں نے کوئٹہ کے مضافاتی علاقے میاں غنڈی میں چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جبکہ تیسرے حملہ آور نے ایئرپورٹ روڈ پر پولیس وین کو نشانہ بنایا۔ تاہم سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بناتے ہوئے تینوں دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔

اس دہشتگرد حملے میں 5 پولیس اہلکار شہید جبکہ 7 زخمی ہو گئے۔دوسری جانب دہشت گردی کے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور ایمبولینسوں کے ذریعے خود کش حملے میں شہید اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کو سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کیا۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دھماکا سکیورٹی چیک پوسٹ کے قریب ہوا۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے دو اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہے۔ دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔


ای پیپر