قومی نصاب میں اسلامیات کے مضمون سے متعلق بڑی خبر
23 ستمبر 2019 (17:29) 2019-09-23

اسلام آباد:وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ تعلیم سیاست سے بالا تر ہے اس لئے صوبوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں ، قومی نصاب کے خدو خال دسمبر تک تیار کر لئے جائیں گے ،ایک اہم خبر کے مطابق اب خصوصی کمیٹی تعین کرے گی کہ اسلامیات کا مضمون کس جماعت کیلئے شروع کیا جائے ۔

پیر کے روزوزیر تعلیم شفقت محمود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک میں یکساں نصاب تعلیم کے نفاذ کیلئے کوشاں ہے ، ایک قوم بننے کیلئے یکساں نصاب تعلیم کی جانب بڑھنا ہے ،انہوں نے کہا کہ قومی نصاب کمیٹی کا مشترکہ اجلاس ہوا، اس اجلاس میں تمام فریقین نے شرکت کی ، تعلیم سیاست سے بالا تر ہے اس لئے صوبوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں ، یکساں نصاب تعلیم کے حوالے سے نجی سکولز اورمدارس بھی متفق ہیں۔

قومی نصاب کے خد و خال دسمبر تک تیار کر لیئے جائیں گے یہاں تک کہ اسلامیات کے مضمون کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دے رہے ہیں ، کمیٹی اسلامیات کے مضمون کے مندرجات کا تعین کرے گی، خصوصی کمیٹی تعین کرے گی کہ اسلامیات کا مضمون کس جماعت کیلئے شروع کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ سائنس اور ریاضی کے علاوہ مضامین علاقائی زبانوں میں پڑھانے کی بھی تجویز زیر غور ہے ، یکساں نصاب کے ساتھ یکساں تعلیمی سرٹیفکیٹ پر بھی فریقین متفق ہیں۔


ای پیپر