کروڑوں قرضہ ضائع کرنے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التوا جمع
23 ستمبر 2019 (12:48) 2019-09-23

لاہور:حکومت پنجاب کی جانب سے غیر ملکی بینکوں سے لیا گیا 56 کروڑ روپے کا قرض مبینہ طور پر ضائع کرنے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرادی گئی۔

تفصیلات کے مطابق تحریک التوا مسلم لیگ ن کی رکن عظمی بخاری کی جانب سے جمع کرائی گئی۔ تحریک التوا کے متن کے مطابق پنجاب حکومت غیر ملکی بینکوں سے 56 کروڑ کا قرض ضائع کر بیٹھی ہے۔ تحریک التوا میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت نے پنجاب سے فنڈز کے ضیاع پر جواب طلب کرلیا۔وفاقی حکومت کے غیر ملکی قرضوں سے جاری منصوبوں کی تفصیلات طلب کرنے کے بعد پی اینڈ ڈی بورڈ اور محکمہ خزانہ متحرک ہوگئے ۔

متن میں کہا گیا کہ وفاق نے پنجاب حکومت سے صوبائی اکائونٹس سے ضائع کیے جانے والے فنڈز کی تفصیلات طلب کیں جس میں انکشاف ہوا ہے کہ صوبائی محکموں کی ناقص منصوبہ بندی کے باعث 56 کروڑ روپے کا قرض ضائع ہوگیا۔ تحریک التوا میں مزید کہا گیا کہ ان محکموں میں پی ایند ڈی بورڈ، آبپاشی اور محکمہ سیاحت شامل ہیں۔


ای پیپر