نواز شریف کو بہترین طبی سہولیات دی جا رہی ہیں:یاسمین راشد
23 اکتوبر 2019 (21:46) 2019-10-23

لاہور :ڈاکٹر یاسمین راشد نے سروسز ہسپتال میں نواز شریف کی عیادت کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا اس وقت نواز شریف کو ایسی ادویات نہیں دینا چاہتے جس سے ان کو کوئی نقصان ہو،انہوں نے کہا نواز شریف کے دانتوں سے خون آیا ہے لیکن خون آنے کی وجہ محض ٹوتھ برش تھا ،کسی بھی بیماری کی تشخیص کیلئے وقت لگتا ہے ۔

سروسز ہسپتال لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے عیادت کرنے کیلئے آئی ہوں ،اس وقت نواز شریف کو بہترین طبی سہولیات دی جا رہی ہیں ،میاں صاحب خود بھی علاج معالجے سے مطمئن ہیں ،ان کا کہنا تھا ڈاکٹر وں نے بڑی محنت کی ہے ۔

یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو ٹوتھ برش اور شیو نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے ،جب نواز شریف نے برش کیا تو ہلکا سا خون نکلا تھا ، نواز شریف کو ہسپتال لاکر ان کی پرانی ادویات بند کر دی گئی ہیں ۔انہوں نے کہا ہماری ٹیم مسلسل ہسپتال میں موجود ہے ،عمران خان اور عثمان بزدار نوازشریف کی صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں ،نو از شریف سے کہا ہے مزید کوئی سہولت چاہے تو بتا دیں ، میڈیکل بورڈ کی معاونت کیلئے ایک ڈاکٹر کو اسلام آباد اور ایک کو کراچی سے بلا لیا گیا ہے ۔بیرون ملک کسی ڈاکٹر کو حکومت پنجاب نے تو نہیں بلایا البتہ شریف فیملی کی طرف سے بیرون ملک کسی ڈاکٹر کو بلایا گیا ہے تو اس کا پتہ نہیں۔


ای پیپر