وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب کامیاب‘ریاض 12ارب ڈالر دینے پر رضا مند
23 اکتوبر 2018 (22:08) 2018-10-23

ریاض:سعودی عرب نے ادائیگیوں میں توازن کیلئے پاکستان کو ایک سال کیلئے 3 ارب ڈالرز سمیت اسی مالیت کا تیل ایک سال تک کیلئے دینے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ سعودی عرب کے اہم دورے پر گئے پاکستانی وزیرِاعظم عمران خان کی سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کےساتھ ملاقاتوں کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ۔

وزیراعظم ہاو¿س کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزیرِاعظم عمران خان کے دورے سے پاکستان اور سعودی عرب میں مفاہمت بہتر ہوئی‘ وزیراعظم نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کی۔اعلامیہ کے مطابق سعودی ولی عہد نے پاکستانی ورکرز کیلئے ویزا فیس کم کرنے کیلئے وزیرِاعظم عمران خان کی تجویز سے اتفاق کیا جبکہ ملاقاتوں میں دو طرفہ معاشی اور مالی تعاون کیلئے اہم فیصلے بھی کیے گئے۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ سعودی عرب پاکستان کو 3 ارب ڈالر ایک سال کیلئے دے گا جبکہ 3سال کیلئے 3 ارب ڈالر کا ادھار تیل بھی دے گا۔ سعودی عرب پاکستان میں پٹرولیم ریفائنری کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے پر تیار معاہدے پر کابینہ کی منظوری کے بعد دستخط کیے جائیں گے۔اس کے علاوہ سعودی عرب نے پاکستان کے معدنی وسائل کے شعبے کو ترقی دینے میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا‘ بلوچستان حکومت سے مشاورت کے بعد سعودی وفد کو دورے کی دعوت دی جائےگی۔

وزیراعظم ہاوس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے سرمایہ کاری کانفرنس میں پاکستان کی ترجیحات کو اجاگر کیا اور اپنے خطاب میں انسانی وسائل کی ترقی پر زور دیا‘ انہوں نے دہشتگردی کےخلاف پاکستان کی کامیابیوں کا بھی ذکر کیا۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے خطے میں پاک چین اقتصادی راہداری(سی پیک )کی اہمیت کے حوالے سے بھی اظہار خیال کیا۔

وزیرِاعظم عمران خان سے سعودی وزیر خزانہ احمد الجدان، سعودی وزیر تجارت وسرمایہ کاری ڈاکٹر ماجد القصبی، وزیر توانائی و معدنی وسائل انجینئر خالد الفالح سعودی ڈیویلپمنٹ فنڈ کے چیئرمین احمد الخطیب اور ڈائریکٹر پبلک انوسٹمنٹ فنڈ یاسر الرمیان نے بھی ملاقات کی۔وزیرِاعظم عمران خان نے ملک میں انرجی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا اور کہا کہ ملک میں اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور بزنس کمیونٹی کی سہولت کےلئے ون ونڈو آپریشن کو فروغ دیا جا رہا ہے تا کہ کاروباری طبقے کو کسی قسم کی دقت نہ ہو، کاروباری طبقے کی سہولتوں کی فراہمی کےلئے خصوصی سیل قائم کیا جا چکا ہے۔

سعودی وزرا نے پاکستانی معیشت میں دلچسپی کا اظہار کیا اور مشترکہ سرمایہ کاری کے حوالے سے پراجیکٹس پر گفتگو کی۔ ملاقات میں سعودی وفد کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران طے پانے والے معاملات پر پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔سعودی وزیر توانائی عنقریب پاکستان کا دورہ کریں گے جس دوران طے شدہ پراجیکٹس کو حتمی شکل دی جائےگی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات چودھری فواد حسین، مشیر تجارت عبدالرزاق داد، وزیر مملکت ہارون شریف اور سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر خان ہشام بن صدیق بھی ملاقات میں موجود تھے۔


ای پیپر