فوٹوبشکریہ فیس بک

جرمن کمپنی پورشے کا ڈیزل گاڑیوں کی پیداوار بند کرنے کا فیصلہ
23 اکتوبر 2018 (09:46) 2018-10-23

ہیمبرگ: لگژری سپورٹس کاریں بنانے والی جرمن کمپنی پورشے نے اپنی ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں کی پیداوار بند کر دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پورشے عالمی سطح پر مشہور جرمنی کی کار ساز صنعت میں ایسا فیصلہ کرنے والی پہلی کمپنی ہے۔

گاڑیاں تیار کرنے والی ایک کمپنی کے طور پر پورشے جرمنی ہی کے ایک بہت بڑے صنعتی گروپ فوکس ویگن کی ملکیت ہے، جو پورے یورپ کا سب سے بڑا کار ساز ادارہ اور کئی آٹوموبائل برانڈز کا مالک بھی ہے۔ نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق پورشے نے ڈیزل انجن والی گاڑیوں کی تیاری بند کرنے کا فیصلہ اپنی مادر کمپنی کی وجہ سے کیا ہے۔

فوکس ویگن کو دنیا کے چند دیگر بڑے کار ساز اداروں کی طرح اس اسکینڈل کا سامنا ہے کہ اس نے برس ہا برس تک اپنی ڈیزل گاڑیوں میں ایسے ترمیم شدہ سافٹ ویئر نصب کیے، جو ان کے انجنوں سے خارج ہونے والے ماحول دشمن مادوں اور زہریلی گیسوں کی شرح اصل سے بہت کم بتاتے تھے۔

اس وجہ سے اپنی گاڑیوں میں ایسے سافٹ ویئر کی موجودگی کی تصدیق کے بعد سے فوکس ویگن کی انتظامیہ اب تک کئی لاکھ گاڑیاں اپنی اس دانستہ غلطی کے ازالے کے لیے واپس بلا چکی ہے۔ یوں اس بہت معتبر اور مؤقر جرمن کار ساز ادارے کو جرمانوں یا اضافی اخراجات کی مد میں اربوں یورو کی رقوم سے ہاتھ دھونا پڑ چکے ہیں۔

 

 

 

 


ای پیپر