PM imran khan,strategies,epidemic,seriousness
23 نومبر 2020 (23:41) 2020-11-23

اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عالمی وبا کے پہلے مرحلے میں وقت پر کئے جانیوالے فیصلوں اور حکمت عملی کی وجہ سے ہم نے وبا پر قابو پایا تھا۔ اب عالمی وبا کی دوسری لہر میں بھی ہمیں توازن ٗ سنجیدگی اور احتیاط کا دامن تھام کر رکھنا ہے۔

اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ عالمی وبا کے دوسرے مرحلے پر سب سے ضروری امر یہ ہے کہ عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جائے اور اس کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ ہم نے عالمی وبا کے پہلے مرحلے پر اپنی بروقت حکمت عملی سے اس کو مات دیدی تھی اور لوگوں  نے ہماری حکمت عملی کو اپنایا تھا ۔ اب بھی اسی امر کی ضرورت ہے کہ درست اقدامات سے اس وبا پر قابو پایا جائے۔

اس موقع پر اجلاس میں وفاقی وزرا اعجاز شاہ ٗ شبلی فراز ٗ حماد اظہر ٗ شفقت محمود اور خسرو بختیار نے شرکت کی اور اس موقع پر وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ عالمی وبا کے بڑھتے ہوئے کیسز کو روکنے کیلئے کیا اقدامات کئے  جا رہے ہیں۔ اس موقع پر معاونین خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور فیصل سلطان نے بھی شرکت کی ۔

وزیر اعظم کو اس دوران بتایا گیا کہ این سی او سی کی طرف سے کیا اقدامات کئے جا رہے ہیں جس کے تحت عالمی وبا سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے حکمت عملی طے کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر اس بات کا جائزہ بھی لیا گیا کہ عالمی وبا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے حوالے سے ہسپتالوں میں انتظامات کی کیا صورتحال ہے۔


ای پیپر