Gilgit-Baltistan election, PTI, Chief Election Commissioner, PML-N, PPP
کیپشن:   فائل فوٹو
23 نومبر 2020 (08:58) 2020-11-23

سکردو: گلگت بلتستان میں تحریک انصاف نے ایک اور نشست اپنے نام کر لی، جی بی اے 3 میں الیکشن ہوا جس میں پی ٹی آئی کے سہیل عباس 6873 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق آزاد امیدوار ڈاکٹر محمد اقبل 4678 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے، مسلم لیگ ق کے کیپٹن ریٹائرڈ محمد شفیع 4 ہزار 6 سو 54 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے حلقہ جی بی ایل اے 17 دیامر تھری میں جمیعت علمائے اسلام کے رحمت خالق نے میدان مارا تھا۔

حتمی نتیجے کے مطابق جمیعت علمائے اسلام کے رحمت خالق نے 5 ہزار 498 ووٹوں لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ پی ٹی آئی کے حیدر خان 5 ہزار 450 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی نے گلگت بلتستان میں پہلے ہی حکومت بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اُن کی پارٹی گلگت بلتستان میں حکومت بنائے گی۔ وفاقی وزیر کے مطابق آزاد امیدواروں نے پی ٹی آئی میں شامل ہو کر حکومت بنانے کا عزم کیا ہے۔

شبلی فراز نے گلگت بلتستان میں پارٹی کی کامیابی پر اپوزیشن رہنماوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہاں کی عوام نے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے بیانیے کو مسترد کر دیا ہے۔

مریم نواز اور بلاول بھٹو نے انتخابات کو دھاندلی زدہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کے ووٹوں کی چوری ہوئی ہے جبکہ اُن کی پارٹی کے رہنماوں کو خریدا گیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بہت ہی منظم انداز میں انتخابات میں دھاندلی کروائی گئی ہے۔

ادھر چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں انتخابات شفاف ہوئے ہیں اس لیے انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کے الزام کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔


ای پیپر