اے بی ڈی ولیئرز کا اچانک انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
23 مئی 2018 (22:34)

کیپ ٹاﺅن: جنوبی افریقا کے سابق کپتان اے بی ڈی ولیئرز نے تمام طرز کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے دنیا کرکٹ کو حیران کر دیا۔ ڈی ولیئرز نے ریٹائرمنٹ کا اعلان اپنی موبائل ایپ پر ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے کیا۔

اے بی ڈی ولیئرز کا کہنا تھا کہ میرے لیے یہ ایک مشکل فیصلہ تھا،میں نے اس حوالے سے طویل سوچ و بچار کی لیکن میرا خیال ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ میں ریٹائر ہو جاﺅں۔انہوں نے اس موقع پر اپنے ساتھی کھلاڑیوں، فینز اور کرکٹ جنوبی افریقا کا بھی شکریہ ادا کیا۔ ڈی ولیئرز کی ریٹائرمنٹ جہاں کرکٹ شائقین کے لیے حیراکن ہیں وہیں کرکٹ جنوبی افریقا بھی آئندہ برس کرکٹ ورلڈکپ سے قبل ایک اہم کھلاڑی سے محروم ہو گیا ہے۔

34سالہ ڈی ولیئرز اپنے کرئیر کے دوران 114ٹیسٹ، 228ایک روزہ اور 78ٹی ٹوئنٹی میچوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کر چکے ہیںاور مجموعی طور پر 47سنچریز، 109ففٹیز کی مدد سے 26ہزار 787رنز اسکور کیے ہیں۔ ڈی ولیئرز ٹیسٹ اور ایک روزہ کرکٹ میں 50 سے اوپر کی اوسط رکھتے ہیں۔ٹیسٹ میں ان کی بیٹنگ اوسط 50.66 جب کہ ایک روزہ کرکٹ میں 53.50 ہے۔


ای پیپر