امریکہ کا ایران پر سائبر حملہ، راکٹس اور میزائل فائر کرنیوالے کمپیوٹرز ناکارہ بنا دیئے
کیپشن:   فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا
23 جون 2019 (11:02) 2019-06-23

واشنگٹن: امریکہ کی جانب سے ایران پر سائبر حملہ کردیا گیا جس کے نتیجہ میں راکٹس اور میزائل فائر کرنے والے کمپیوٹرز کو ہیک کرکے ناکارہ بنادیا گیا۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکہ نے فضائی حملے کا فیصلہ واپس لینے کے بعد ایران کی عسکری تنصیبات پر سائبر حملہ کیا ہے۔نیویارک ٹائمز نے ایران پر سائبر حملے کو امریکی ڈرون گرانے اور تیل کے جہازوں پر حملے کا ردعمل قرار دیتے ہوئے لکھا کہ اس کا مقصد سسٹم کو محدود وقت کیلئے آف لائن کرنا تھا۔

امریکہ کے متعدد مقامی ذرائع ابلاغ نے خبر دی ہے کہ مذکورہ سائبر حملے کے لیے کئی ہفتوں سے تیاریاں کی جارہی تھی، اس حملے کا مقصد ہتھیاروں کے سسٹم کو ناکارہ بنانا تھا جو کہ ایرانی انقلابی گارڈز کے زیر استعمال ہے۔

گزشتہ روز ہی امریکہ کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے خبردار کیا تھا کہ ایران نے امریکہ پر سائبر حملوں میں اضافہ کردیا ہے۔ سائبر سیکیورٹی کے ڈائریکٹر کرسٹوفر کے مطابق ایران کی طرف سے ’مشکوک سائبر سرگرمیاں‘ دیکھنے میں آرہی تھیں جن میں امریکی حکومت کی ایجنسیوں اور صنعتوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جارہی تھی۔

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ایران نے امریکہ کے بحری جہازوں کے لیے بنائے گئے کمپیوٹر نظام کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی تھی۔


ای پیپر