امریکہ سے امداد نہیں برابری کی سطح پر دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں:وزیرا عظم عمران خان
23 جولائی 2019 (23:19) 2019-07-23

واشنگٹن:وزیر اعظم عمران خان نے امریکی امداد سے متعلق دوٹوک اعلان کیا کہ ہمیں امداد کی کوئی ضرورت نہیں بلکہ ہماری بات سمجھنے کی ضرورت ہے ، عمران خان نے کہا اب ہم باہمی مفادات اور برابری کی سطح پر دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق دورہ امریکہ میں امریکی تھنک ٹینک یو ایس انسٹی ٹیوٹ آف پیس میں سوالوں کے جوابات کے سیشن کے دوران وزیر اعظم نے کہا پہلے پاکستان امریکہ سے امداد چاہتا تھا اور امریکہ پاکستان سے ڈو مور کا مطالبہ کیا کرتا تھا لیکن اب ایسی صورتحال نہیں ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات سے نفرت ہے کہ کسی سے امداد مانگی جائے کیونکہ ماضی میں امریکی امداد پاکستان کیلئے سب سے بڑی لعنت تھی، یہ بہت ہی شرمناک ہے کیونکہ کوئی بھی ملک خود داری کی بنا پر اوپر اٹھتا ہے، کوئی ملک امداد اور بھیک سے آگے نہیں جاسکتا.

انہوں نے کہا کہ انہیں اس وقت اپنی زندگی میں سب سے زیادہ شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب اسامہ بن لادن کو امریکہ نے پاکستان میں گھس کر مارا۔ بطور اتحادی ہر پاکستانی کیلیے یہ شرم کا مقام تھا کہ اس کا اتحادی اس پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں ہے، ہم دوبارہ ایسی صورتحال نہیں چاہتے ، ہم چاہتے ہیں کہ برابری کی سطح پر باوقار تعلقات ہوں۔


ای پیپر