Source : Yahoo

پنجاب ملازمین ڈیم فنڈ کیلئے2دن کی رضاکارانہ تنخواہ دیں گے
23 جولائی 2018 (21:26) 2018-07-23

لاہور: نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کی زیر صدارت آج نگران صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا،وزیراعلیٰ آفس میں منعقدہ کابینہ کا اجلاس 3 گھنٹے تک جاری رہا۔اجلاس میں کئی اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں غیر فعال اور غیر متحرک سرکاری کمپنیوں کو بند کرنے کی متفقہ طورپر اصولی منظوری دی گئی۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیا ہے کہ غیر فعال اور غیر متحرک سرکاری کمپنیوں کو قانونی قواعد و ضوابط کے تحت بند کیا جائے گااور ایسی سرکاری کمپنیاں جنہیں فنڈنگ کی گئی ہے، ان کے مستقبل کے تعین کیلئے محکمہ قانون اور محکمہ خزانہ سے حتمی رائے کی جائیگی اوراس کی روشنی میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

اجلاس میں کوڈ آف سول پروسیجر 1908کے پہلے شیڈول میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہورکیلئے انتظامی کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی گئی جبکہ شیخ زید میڈیکل کالج وہسپتال، رحیم یار خا ن کے بورڈ آف مینجمنٹ کو تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔کابینہ کے اجلاس میں چلڈرن ہسپتال اینڈانسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ لاہورکے بورڈ آف مینجمنٹ کے قیام کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں قائداعظم تھرمل پاور لمیٹڈ کو 3.175 ارب روپے کے اضافی ورکنگ کیپٹل کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیاگیاجبکہ ٹاون شپ میں پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے قیام کی منظوری کی توثیق کی گئی۔اجلاس میں مزیدفیصلہ کیاگیاکہ پنجاب حکومت کے سرکاری ملازمین دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لئے قائم فنڈمیں رضاکارانہ طور پر تنخواہ دیں گے اوراس ضمن میں گریڈ ایک سے گریڈ 16 تک کے ملازمین ڈیم فنڈمیں رضاکارانہ طور پر ایک دن کی تنخواہ دیں گے جبکہ گریڈ 17 سے گریڈ 22 تک کے ملازمین دو دن کی تنخواہ ڈیم فنڈ میں دیں گے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیرپاکستان کیلئے نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ پانی کی موجودہ اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کار خیر میں شہریوں کو اپنی استطاعت کے مطابق حصہ ڈالنا چاہیئے۔۔ پنجاب حکومت کے ملازمین اس فنڈمیں رضاکارانہ طورپر ایک یا دو دن کی تنخوا ہ دیں گے۔اجلاس میں بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کی گئی اوران المناک واقعات میں سراج رئیسانی، ہارون بلور، اکرام اللہ گنڈا پور اور دیگر شہدا کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

ڈاکٹر حسن عسکری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت دکھ کی اس گھڑی میں اپنے بلوچ اور پختون بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اورپنجاب حکومت نے سانحہ مستونگ کے متاثرین کی مالی امداد کیلئے ایک کروڑ روپے دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سراج رئیسانی ،ہارون بلور،اکرام اللہ گنڈا پور محب وطن پاکستانی تھے اورقوم ان شہدا کی عظیم قربانیوں کو کبھی نہیں بھولے گی۔ اجلاس میں 25 جولائی کو صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن کے انعقاد کے عزم کا اعادہ کیاگیااور دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے پیش نظر پنجاب بھر میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

نگران وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولنگ ڈے پر ووٹرز کو آزادانہ طور پر حق رائے دہی کے استعمال کیلئے پرامن ماحول فراہم کریں گے۔انتخابی عمل کو شفاف بنانے کیلئے ہر سطح پر بہترین انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں۔تمام متعلقہ محکمے اورادارے 25جولائی کو پولنگ ڈے پر فعال اورمتحرک انداز میں فرائض سرانجام دیں گے اورہم اپنی قومی ذمہ داری کو بطریق احسن نبھائیں گے۔اجلاس میں نگران صوبائی وزرا ،چیف سیکرٹری،ایدیشنل چیف سیکرٹری، چےئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اوراعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


ای پیپر