ننھے مہمان کی آمد پر شعیب ملک کا مطالبہ سامنے آگیا

23 جولائی 2018 (19:12)

لاہور:سابق قومی کپتان شعیب ملک نے کہاہے کہ کرکٹرزکو بچے کی ولادت کی وجہ سے چھٹی ملنا چاہئے ،اکتوبر میں باپ بن جاﺅں گا لہذا ان دنوں اپنی اہلیہ ثانیہ مرزا کو زیادہ وقت دینا چاہتا ہوں، ایتھلیٹ یا کرکٹرز کے لیے اپنے خاندان کو زیادہ وقت دینا ممکن نہیں ہوتا جو کھیل کی مصروفیات کے باعث زیادہ تر سفر میں رہتے ہیں تاہم ان کا فی الوقت ایسا کرنا دنیا میں آنے والے بچے کے لیے انصاف نہیں ہوگا۔

قومی ٹیم کے آل راونڈر نے کہا کہ ان کے ایک دوست کرکٹر کو تنخواہ کے ساتھ تین ماہ کی رخصت ملی تھی اور وہ بھی ایسا ہی کرنا چاہتے ہیں لیکن یہ سب اتنا آسان بھی نہیں ہے۔ شعیب ملک کے مطابق انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ بھی اسی وجہ سے چھوڑی تھی کہ وہ اپنی فیملی کو زیادہ وقت دینا چاہتے تھے اور اسی مقصد کو ذہن میں رکھتے ہوئے وہ آئندہ برس عالمی کپ کے بعد ون ڈے فارمیٹ کو بھی خیرباد کہہ دیں گے جس کے بعد وہ صرف ٹی ٹونٹی کرکٹ کھیل کر اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزارنا چاہیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ثانیہ مرزا بھی ان کی طرح ایک ایتھلیٹ ہیں لیکن امید سے ہونے کے بعد وہ خود کو عمدگی سے سنبھال رہی ہیں اور خود کو بہترین والد ثابت کرنے کیلئے وہ کتابیں پڑھ رہے ہیں جبکہ دوستوں کے مشورے بھی معاون ثابت ہوتے ہیں اور انہیں کوئی خاص پریشانی نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ان کے بچے کے ساتھ ماں اور باپ دونوں کا نام لگے گا اور یہ ان کا مشترکہ فیصلہ ہے۔

مزیدخبریں