اقوام متحدہ نے اپنے ملازمین کو پی آئی اے پرسفر کرنے سے روکدیا ، احسن اقبال کا دعویٰ
23 جنوری 2021 (18:44) 2021-01-23

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے دعویٰ کیا ہے کہ اقوام متحدہ نے اپنے ملازمین کو پاکستانی ائیر لائن پرسفر کرنے سے روکدیا ہے ،موجودہ حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان کی ساکھ کو تباہ کر دینے والا فیصلہ سامنے آیا ، وزیر اعظم او روزیر ہوا بازی سے مطالبہ ہے کہ وہ اپنے عہدوں سے مستعفی ہو ں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی تحریک عدم اعتماد لانے کی تجویز پرانی تجویز ہے اگر بلاول بھٹو کے پاس اتنے اراکین موجود ہیں تو تحریک عدم اعتماد لائیں ،ہمارا خیال ہے کہ فیصلہ کن اقدام ہی اس حکومت کو ختم کر سکتا ہے۔

پارٹی کے مرکزی سیکرٹری ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے اپنے ملازمین کو قومی ائیر لائن پر سفر کرنے سے منع کردیا ہے ،اس کے ذمہ دار وزیر اعظم اور وزیر ہوا بازی ہیں، انہوں نے ایک طیارے کے کریش کو کور کرنے کیلئے پائلٹس کے مشکوک لائسنس کی بات کر کے پاکستان کی پوری سول ایوی ایشن انڈسٹری کو دنیا کے سامنے رسو ا کیا۔انہوں نے کہا کہ  حکومت نے ڈھائی سال میں پاکستان کی عزت کو خاک میں ملا دیا۔

انہوں نے کہا کہ جو شخص مغربی جمہوریت کے قصے سنایا کرتا تھا اس کے دور میں پاکستان کی انتہا کی بے توقری ہوئی ہے ، کہیں ہمارے جہاز پکڑے جارہے ہیں تو کہیں ہمار ے اکاؤنٹس کو قرق کیا جارہا ہے ، جو پاکستان کے پاسپورٹ کو بلند کرنے کے دعویٰ کرتا تھا آج اس نے ملک کی عزت کو خاک میں ملا دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری دو ر میں پاکستان کی معیشت کا 315ارب ڈالر تھا ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ اس کا حجم 320سے 350ارب ڈالر ہوتا 260ارب ڈالر تک سکڑ گیا ہے ، ہماری معیشت ، ٹیکس آمدن سکڑ گئے ہیں ۔ کورونا صرف پاکستان میں نہیں آیا بلکہ پوری دنیا میں آیا ہے، جو ملک ترقی کر رہے تھے کورونا سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑا ۔

احسن اقبال نے کہا کہ آئی ایم ایف کی خطے کے حوالے سے رپورٹ دیکھی جائے تو ہم گروتھ کے حوالے سے تمام ممالک سے پیچھے ہیں، خطے میں سب سے سست ترین گروتھ ہماری ہے ، اگر ہم نے بھارت کا مقابلہ کرنا ہے تو ہماری گروتھ اس سے ایک یا دو فیصد اوپر ہونی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ لوگ ایک کروڑ نوکریاں بھول کر اپنی نوکری بچانے کی کوشش میں ہیں،لوگ 50 لاکھ گھر بھول کر اپنے سر پر موجود چھت بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کے تمام منصوبے ٹھپ ہو گئے ہیں۔ پاکستان کی ترقی کا ہر منصوبہ بیمار ہوگیا یا اس کے فنڈز روک دئیے گئے ہیں۔آپ کے ذہن میں صرف این آر او نہیں دوں گا کی سوئی پھنسی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر بلاول کے پاس  ان ہاؤس تبدیلی کا فارمولہ ہے تو سامنے لائیں،بلاول بھٹو تحریک عدم اعتماد سے پہلے اپنے نمبر پیش کریں۔


ای پیپر