Illegal census, Karachi, PSP Chairman, Mustafa Kamal, PTI government
23 جنوری 2021 (14:02) 2021-01-23

کراچی: چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کراچی کے لوگ اپنی گنتی گنوانے کیلئے ہر سطح پر جائیں گے ، آپ ہماری آوز صرف ہمیں مار کر ہی بند کرسکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مصطفیٰ کمال نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ میں اہلیت نہیں متنازعہ مردم شماری کو ٹھیک کرسکیں ، متنازعہ مردم شماری کو قانونی قرار نہیں دیا جا سکتا۔ غلط مردم شماری پر وفاقی حکومت نے مہر لگا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ناجائز مردم شماری پر خاموش نہیں رہے گے ، خاموش رہے تو دوائیں اور تعلیم پوری نہیں ملے گی۔

چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ کراچی کی آبادی تعداد کی نسبت سے کم شمار کی گئی ہے۔ چیف جسٹس نے بھی کہا کراچی کی آبادی 3 کروڑ سے زائد ہے ، نادرا نے 2 کروڑ 40 لاکھ شناختی کارڈ جاری کر رکھے ہیں۔ لوگوں کو ٹھیک گنا جائے گا تو حکومت کراچی سے جیتنے والے کی بنے گی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسائل حل نہ ہونے پر ہم مایوسی کا شکار ہیں ، گورنر نے گورنر ہاؤس کو پی ٹی آئی کا دفتر بنایا ہوا ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ خالد مقبول آج بھی ایم این اے اور عمران خان کا حمایتی ہے ، جے آئی ٹی میں لکھا ہے کہ بھارت سے تربیت دلانے والا خالد مقبول ہے ، کیا عمران خان کی حمایت پر ہی ایم کیوایم کو بچایا جا رہا ہے ؟ انہوں نے کہا کہ وفاق اتحادیوں کو بچانے کی کوشش کر رہا ہے۔

چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ کراچی اب ہماری آواز پر کھڑا ہو رہا ہے ، اب ہم نے نہیں چھوڑنا۔


ای پیپر