ملائشیا کا بھارت سے تجارتی کشیدگی دور کرنے کابڑا فیصلہ
23 جنوری 2020 (18:32) 2020-01-23

کوالالمپور:ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کے بھارتی اقدامات کے خلاف بیان کے بعد دونوں ممالک میں پیدا ہونے والی تجارتی کشیدگی کو دور کرنے کے لیے ملائیشیا نے بڑا فیصلہ کرلیا۔

برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ملائیشیا ہولڈنگز برہیڈ (ایم ایس ایم)سال کی پہلی سہ ماہی میں بھارت سے 20کروڑ رنگٹ مالیت کی ایک لاکھ 30 ہزار ٹن خام چینی (را شوگر)خریدے گا۔

واضح رہے کہ کمپنی کی جانب سے 2019میں بھارت سے تقریبا 88ہزار ٹن خام چینی خریدی گئی تھی۔ایم ایس ایم، دنیا کے سب سے بڑے پام آئل پروڈیوسر ایف جی وی ہولڈنگ کا چینی ریفائننگ کرنے والا حصہ ہے، جو ملائیشیا کی سرکاری ملکیت فیڈرل لینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی یا فیلڈا کا یونٹ ہے۔تاہم کمپنی کی جانب سے اس خریداری کے پیچھے پام آئل کے تنازع کا حوالہ نہیں دیا گیا لیکن مذکورہ خریداری پر حکومت اور کمپنی کے درمیان ہونے والے تبادلہ خیال سے متعلق 2 ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ بھارت کو راضی کرنے کے لیے ہے، جو ملائیشیا پر زور دے رہا ہے کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی خسارہ کم کریں۔

واضح رہے کہ بھارت دنیا کا سب سے بڑا خوردنی تیل خریدنے والا ملک ہے، تاہم اس نے حال ہی میں مہاتیر محمد کی جانب سے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی پالیسی پر تنقید کرنے پر ملائیشیا سے پام آئل کی درآمد پر موثر پابندی لگا دی تھی۔


ای پیپر