Senate Election 2021
23 فروری 2021 (21:21) 2021-02-23

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما لیاقت جتوئی کی جانب سے سینیٹ کے ٹکٹ بیچنے کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ   لیاقت جتوئی خود نیب زدہ ہیں اور وہ جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں۔

 سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ لیاقت جتوئی نے سینیٹ کے ٹکٹ کے بارے میں بے ہودہ الزام لگایا ہے، لیاقت جتوی اپنے دعوے کا ثبوت دیں، ورنہ پارٹی ایکشن لے گی۔

شہباز گل نے کہا کہ سیف اللہ ابڑو ان پر ہتک عزت کا کیس کریں گے، جتوئی صاحب خود نیب زدہ ہیں اور وہ خواہ مخواہ جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں۔

واضح رہے اس سے قبل سندھ میں سینیٹ انتخابات کو لیکر کروڑوں روپے میں ٹکٹ دینے کی افواہیں گردش کرنے لگی ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ سندھ اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما لیاقت جتوئی نے اپنی ہی پارٹی قیادت پر الزامات کی بوچھاڑ کر دی۔ 

پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیاقت جتوئی نے الزام لگایا کہ تحریک انصاف کی قیادت نے سیف اللہ ابڑو کو سینیٹ کا ٹکٹ 35 کروڑ میں بیچا اور گورنر ہاؤس میں سیف اللہ ابڑو کو 35 کروڑ روپے کے عوض سینیٹ ٹکٹ دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں نظرانداز کیا جا رہا ہے اور وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ دیا ہے۔ سندھ کے اہم فیصلے گورنر ہاؤس کے ڈرائنگ روم میں کئے جا رہے ہیں۔ لیاقت جتوئی نے نظرانداز کیے جانے پر پارٹی سے علیحدگی کا عندیہ بھی دے دیا جبکہ 26 فروری کو پارٹی رہنماؤں سمیت اپنے حامی لوگوں کا اجلاس بھی بلانے کا بھی اعلان کیا۔ خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے رہنما سیف اللہ ابڑو کو الیکشن کمیشن نے پہلے ہی نااہل قرار دے رکھا ہے۔


ای پیپر