کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف محمد حفیظ کو چوتھے نمبر پر بیٹنگ کیلئے بھیجا جانا تھا مگر وہ پہلے کیوں آ گئے؟ دلچسپ انکشاف کر دیا
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
23 فروری 2021 (18:15) 2021-02-23

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف زبردست اننگز کھیلنے والے سینئر آل راؤنڈر محمد حفیظ نے انکشاف کیا ہے کہ لاہور قلندرز کی اننگز کے چار سے پانچ اوورز ہونے کے بعد میں نے خود ون ڈاؤن کھیلنے کی درخواست کی تھی تاکہ میچ کو سنبھالا جا سکے اور نتائج سب کے سامنے ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ یقینا ایک صورتحال تھی جسے بطور پروفیشنل ہینڈل کرنا تھا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف ہمارا آغاز تو اچھا تھا مگر مومینٹم نہیں مل پا رہا تھا، میچ سے پہلے مجھے بتایا گیا تھا کہ میں چوتھے نمبر پر بیٹنگ کیلئے جاؤں گا لیکن جب چار سے پانچ اوورز گزر گئے تو میں نے کوچ سے کہا کہ مجھے ون ڈاؤن پوزیشن پر کھیلنے دیں، ہمارے کوچ کی مہربانی ہے جنہوں نے میرے جذبات کو سمجھتے ہوئے میری درخواست قبول کر لی۔

سینئر آل راؤنڈر نے کہا کہ میرے خیال سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف بیٹنگ کیلئے میدان میں جانے کے بعد میں نے اپنی مہارت کو استعمال کیا جس کے باعث اچھے نتائج ملے، میں ہمیشہ صورتحال کو کنٹرول کرتے ہوئے ٹیم اور وقت کی ضرورت کے مطابق کھیلنے کی کوشش کرتا ہوں اور ہمیشہ ایسا کردار ادا کرنے کی خواہش ہوتی ہے جس سے صرف ٹیم کو فائدہ ملے۔


ای پیپر