کرس گیل وطن روانگی کیلئے تیار مگر وہ دوبارہ پاکستان کب آئیں گے؟ مداحوں کو خوشخبری بھی سنا دی
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
23 فروری 2021 (18:11) 2021-02-23

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے کرس گیل قومی فرائض کی انجام دہی کیلئے وطن واپس روانہ ہو رہے ہیں تاہم ان کے مداحوں کیلئے خوشخبری یہ ہے کہ وہ لاہور میں شیڈول لیگ میچز کیلئے دوبارہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جوائن کر لیں گے۔ 

تفصیلات کے مطابق دنیا کے معروف جارح مزاج بلے باز کرس گیل سری لنکا کے خلاف ہوم ٹی 20سیریز کھیلنے کیلئے وطن واپس لوٹ رہے ہیں جنہوں نے پی ایس ایل کے رواں سیزن میں صرف 2 میچز کھیلے اور پیر کو لاہور قلندرز کے خلاف 40 گیندوں پر 68 بنانے میں کامیاب ہوئے مگر ان کی ٹیم میچ جیتنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ 

کرس گیل بھی پی ایس ایل ادھوری چھوڑ کر جانے پر دکھی ہیں تاہم اس کیساتھ ہی انہوں نے مداحوں کو خوشخبری سنائی ہے کہ وہ لیگ کے لاہور میں شیڈول میچز کیلئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو دوبارہ جوائن کر لیں گے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ایس ایل ادھوری چھوڑ کر جانے پر بہت دکھی ہوں کیونکہ میں پورا ٹورنامنٹ کھیلنا چاہتا تھا اور 15 سال بعد پاکستان کا دورہ کرتے ہوئے کچھ ایسا کرنا چاہتا تھا کہ اپنے مداحوں کو جشن منانے کیلئے کچھ نہ کچھ دوں لیکن بدقسمتی سے مجھے بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کیلئے جانا پڑ رہا ہے۔ 

بائیں ہاتھ کے جارح مزاج بلے باز نے کہا کہ پی ایس ایل کے دوسرے راؤنڈ کے میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے جس کا مطلب ہے کہ ابھی لیگ میں بہت کرکٹ باقی ہے، لہٰذا میں واپسی کیلئے پرامید اور بے تاب ہوں بلکہ چاہتا ہوں کہ لاہور کا دورہ ضرور کروں۔ 


ای پیپر