Corruption, politics, vision, Prime Minister, Imran Khan, Senator Faisal Javed, PDM
23 فروری 2021 (15:24) 2021-02-23

اسلام آباد: سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ سیاست سے کرپشن کا خاتمہ وزیراعظم کا وژن ہے ، اپوزیشن دھونس ، دھاندلی اور کرپشن کے ساتھ کھڑی ہے۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) چوری کا راستہ کھلا رکھنا چاہتے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل جاوید نے کہا کہ اپوزیشن کی کوشش ہے پرانا سسٹم کسی طرح چلتا رہے جبکہ وزیراعظم شفافیت چاہتے ہیں اور دھاندلی کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن والے جہاں ہارتے ہیں وہیں روتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا دوبارہ 23 پولنگ اسٹیشنز میں ووٹنگ کراتے ہیں ، اب اپوزیشن اس بات سے بھی پھر چکی ہے۔ یہ پہلے دن سے دھاندلی کرتے آئے ہیں۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ وزیراعظم کو اپوزیشن ہمیشہ بلیک میل کرتی آئی ہے ، وزیراعظم جب کشمیر کا مقدمہ لڑ رہے تھے انہوں نے فضل الرحمان کو آگے کر دیا۔

فیصل جاوید نے کہا کہ انہوں نے کنٹینر لے کر اسلام آباد کا رخ کیا اور عمران خان کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی ، فیٹف پر قانون سازی کے عمل میں انہوں نے بلیک میل کرنے کی کوشش کی ، اپوزیشن نے ہر معاملے میں این آر او مانگا۔

سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ اپوزیشن چاہتی ہے ان کے کرپشن کے کیسز کو ختم کر دیا جائے ، ان کی یہی کوشش ہے وزیراعظم بلیک میل ہو کر انہیں این آر او دیدیں۔ وزیراعظم عمران خان انہیں کسی صورت این آر او نہیں دیں گے۔ اپوزیشن کی بددیانتی کو پوری قوم جانتی ہے ، یہ کسی سے مخلص نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم وزیراعظم کو بلیک میل کرنے میں کسی صورت کامیاب نہیں ہوگی۔ پی ڈی ایم اپنے ذاتی مفادات کے تحفظ کیلئے اکٹھی ہوئی ہے۔ وزیراعظم نے سیاسی نظام کو ہمیشہ بہتر طریقے سے ٹھیک کرنے کی کوشش کی۔


ای پیپر