Daska by-election, PTI candidate, re-polling, PM Imran Khan, PML-N, Maryam Nawaz
23 فروری 2021 (09:24) 2021-02-23

لاہور: وزیراعظم عمران خان کی ٹویٹ پر پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا ردعمل ، کہا زیادہ سیانے بننے کی ضرورت نہیں ، یہ مطالبہ بھی تم اپنے جرائم پر پردہ ڈالنے کے لیے کر رہے ہو لیکن تمہارا پردہ اٹھ چکا ہے ووٹ چور۔

اپنی ٹویٹ میں مریم نواز نے کہا کہ ایک تو پوری ریاست کی طاقت شیر کے خوف سے ضمنی الیکشن میں دھاندلی کیلئے جھونک دیتے ہو اور پھر بھی شکست کھا گئے تو الیکشن کمیشن کا عملہ ہی اغوا کر لیا ؟

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ میں نے ہمیشہ آزادانہ و شفاف انتخابات کیلئے جدوجہد کی ہے ۔ اگرچہ الیکشن کمیشن کی جانب سے نتائج کے اعلان سے قبل اسکی کوئی قانونی حاجت نہیں مگر پھر بھی میں تحریک انصاف کے امیدوار سے گزارش کروں گا کہ وہ این اے 75 ڈسکہ کے ان 20 پولنگ اسٹیشنز جن پر حزب اختلاف واویلا کر رہی ہے ، میں دوبارہ پولنگ کا کہیں۔

واضح رہے کہ ن لیگ کا کہنا ہے کہ جب اُن کا امیدوار این اے 75 کا الیکشن جیت رہا تھا تو تبدیلی سرکار نے دھاندلی کی غرض سے پہلے نتائج میں ہیرا پھیری کرنے کی کوشش کی اور پھر بعد میں عملہ ہی غائب کروا دیا۔

مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ نے این اے 75 میں پی ٹی آئی کو شکست دیدی ہے بس الیکشن کمیشن کی جانب سے اعلان ہونا باقی ہے۔

دوسری جانب معاون خصوصی پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ این اے 75 میں تحریک انصاف کا امیدوار کامیاب ہوا ہے اس لیے الیکشن کمیشن اُس کے حق میں فیصلہ سنائے۔

خبر ہے کہ الیکشن کمیشن جلد ہی این اے 75 کے حوالے سے حتمی نتائج کا اعلان کرنے والا ہے۔


ای پیپر