وزیراعظم نے چیئرمین نیب سے کہا ہے جو بھی کرپٹ ہو اسے نہیں چھوڑنا: نعیم الحق
کیپشن:   فوٹو بشکریہ فیس بک
23 دسمبر 2018 (14:41) 2018-12-23

لاہور: رہنما پی ٹی آئی نعیم الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کرپشن کے سخت خلاف ہیں۔ انہوں نے چیئرمین نیب سے کہا ہے جو بھی کرپٹ ہو اسے نہیں چھوڑنا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ پاکستان کی آمدنی 4 ہزار ارب روپے ہے، جبکہ ملک کا خرچ 7 ہزار ارب روپے ہے۔ جس کی وجہ سے پاکستان کا خسارہ 3 ہزار روپے ہے۔ ہماری حکومت نے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے پر قابو پالیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جے آئی ٹی کے حقائق سب کے سامنے آگئے ہیں۔ عدالت کا جو فیصلہ آئے گا وہ تمام حقائق کو سامنے رکھ کر آئے گا۔ نیب پر ہمارا کوئی اثر و رسوخ نہیں، وہ ہمارے انڈر نہیں۔ ہمارے 3 وزرا کیخلاف کیسز چل رہے ہیں۔

نعیم الحق نے کہا کہ آصف زرداری اور نواز شریف نے بے دردی سے ملک کو لوٹا۔ نواز شریف اور آصف زرداری کی جائیدادیں ضبط ہونی چاہئیں۔ سابق حکمرانوں نے اقتدار کا غلط استعمال کر کے اپنے مفادات کا تحفظ کیا۔ پی آئی اے، اسٹیل ملز میں بے دردی سے لوٹ مار کی گئی۔ سابق حکمرانوں نے پاکستان کے غریب عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔ قرضوں کی ادائیگی کے مسئلے پر قابو پالیا ہے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ قانون سازی کیلئے اپوزیشن کو ہمارے ساتھ چلنا ہوگا۔ 18 کمیٹیوں کی سربراہی اپوزیشن کودی گئی ہے۔


ای پیپر