پی ٹی آئی کیخلاف تحریک چلانی ہو گی : احسن اقبال
23 اگست 2019 (18:23) 2019-08-23

لاہور: مسلم لیگ (ن )کے مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے موجودہ حکومت کو قومی سلامتی کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انکے خلاف تحریک چلانا ہوگی ‘نیب قوانین میں بلا استثنیٰ ترامیم ہونی چاہیے‘ کشمیر کا سودا کرنے پر حکومت کے خلاف عوام میں شدید غم وغصہ ہے ‘نوازشریف کو عدلیہ نے اکامے پر نااہل قر اردیا ان پر کر پشن کا کوئی الزام نہیں وہ سیاسی قیدی ہیں جج ارشد ملک کو معطل ہوچکے ہیں مگر نواز شریف کیخلاف ان کا دیا جانیوالا فیصلہ اب بھی موجود ہے جو بہت بڑا تضاد ہے،انصاف کے لئے عوام کی نظریں عدلیہ پر لگی ہیں ۔

مسلم لیگ (ن )لائرز ونگ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ قائد اعظم کے پاکستان کے چہرے کو مسخ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔پاکستان میں جمہوریت اور آزادی رائے کا گلا گھونٹ جا رہا ہے،ملک میں فسطائیت کو فروغ دیا جا رہا ہے،ملک کو زبان بندی کے ساتھ نہیں چلایا جا سکتا۔ہم نے ملک میں جمہوریت اور قانون کی بالادستی کے ذریعے اتحاد پیدا کرنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ججز بحالی تحریک کی طرح دوبارہ تحریک چلائیں گے۔نواز شریف سیاسی قیدی ہیں، ان پر کرپشن وغیرہ کا کوئی کیس نہیں،احتساب عدالت کے جج بارے سپریم کورٹ نے خود کہہ دیا کہ ان کا کنڈکٹ عدلیہ کے لئے باعث شرمندگی ہے۔جج ارشد ملک کو معطل اور ٹرانسفر کر دیا گیا لیکن نواز شریف کیخلاف دیا گیا ان کا فیصلہ ابھی بھی موجود ہے یہ بہت بڑا تضاد ہے،عدلیہ سے توقع ہے کہ اس معاملے میں انصاف دیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف کو جج کو معطل کئے جانے کے دن ہی رہا کر دینا چاہیے تھا۔انصاف کے لئے عوام کی نظریں عدلیہ پر لگی ہیں،کشمیر کا سودا کرنے پر وکلا شدید غم و غصے میں ہیں۔حکمرانوں نے اپنی حکومت بچانے کے لئے کشمیر کا سودا کیا۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت کے اقدامات کی اطلاع ملنے کے باوجود ہمارے حکومت ڈھائی ماہ خواب غفلت میں کیوں سوئی رہی،حکومت نے کاونٹر سفارتی پالیسی کیوں نہیں بنائی اس معاملے پر پارلیمانی کمیشن بنایا جائے اور بتایا جائے عمران خان نے مودی کی کامیابی کے ٹویٹ کیوں کئے۔انہوںنے کہاکہ اب تک او آئی سی کا اجلاس کیوں ابھی تک اسلام آباد میں کرنے کی تجویز کیوں نہیں دی گئی ،لگتا ہے کہ کسی معاہدے کی پردہ پوشی کی جا رہی ہے ۔5 سال اسی مودی کی حکومت تھی لیکن تب مودی کو جرات نہ ہوئی۔آج یہ حکومت قومی سلامتی کے لئے خطرہ بن چکی ہے اس کیخلاف تحریک چلانا ہو گی۔نیب قوانین میں بلا استثنیٰ ترامیم ہونی چاہیے ۔


ای پیپر