Global pandemic, deadly virus, Pakistan, NCOC, lockdown
23 اپریل 2021 (16:26) 2021-04-23

لاہور :محکمہ صحت نے تمام افراد کیلئے کورونا ویکسین لگانے کی مکمل گائیڈ لائن فراہم کر دی ،محکمہ صحت کا کہنا ہے لاہور کے16 سرکاری ہسپتالوں کے آئی سی یوز 86فیصد بھرچکے ہیں ،لاہورکے ہسپتالوں میں 255 میں سے220 وینٹی لیٹرز پرمریض زیرعلاج ہیں ،صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکومت ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے ،عالمی وبا سے محفوظ رکھنے کیلئے سائینو ویکسین کی 5 لاکھ ڈوز چین سے درآمد کر لی گئی ہے ۔

محکمہ صحت  نے عوام کو  گائیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ سائنو ویک ویکسین کی دو خوراکیں لگائی جائینگی، پہلی خوراک کے بعد ویکسین کی دوسری خوراک 28 دن بعد لگائی جائے گی ،گائیڈ لائن کے مطابق ویکسین صرف  18 سال سے زائد عمر کے افراد کو لگائی جائے ،18 سال سے کم عمر افراد اور بچوں کو ویکسین نہ لگائی جائے ،جو افراد بخار میں مبتلا ہوں وہ ویکسین ہر گز نہ لگائیں ،ایسے تمام افراد کورونا ویکسین لگانے سے گریز کریں جن افراد کو کسی بھی قسم کی ویکسین لگانے سے الرجی ہو جا تی ہے ۔

محکمہ صحت کی گائیڈن لائن کے مطابق شدید دائمی امراض کے شکار افراد کو ویکسین نہ  لگائی جائے ،حاملہ خواتین بھی ویکسین لگانے سے پرہیز کریں ،کیونکہ اس پر کم تجربات کیے گئے ہیں،ماہرین کا کہنا ہے ویکسین کی شلف لائف 12 ماہ ہے ،ویکسین کو 2 سے 8 سینٹی گریڈ تک سٹور کیا جاسکتا ہے ،ویکسین کو فریزکرنے اور روشی سے بچایا جائے ،ہدایات کے مطابق ویکسین کے لیے روم ٹمپریچر 25 سینٹی گریڈ سے زیادہ نہ ہو ،سائینو  ویکسین بازوں کے اوپری حصے میں پٹھوں پر لگائی جائے ،ویکسین کو  شریانوں میں کسی صورت نہ لگایا جائے ۔

واضح رہے اسوقت جہاں پاکستان سمیت بھارت میں کورونا وبا انتہائی تیزی سے پھیل رہی ہے ،بھار ت میں صورتحال انتہائی خطرناک شکل اختیار کر تی جا رہی ہے ،حالات اس قدر خراب ہو چکے ہیں کہ بھارت میں آکسیجن نایا ب ہو تی جا رہی ہے ۔

پاکستان میں صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے  کورونا وائرس کے تدارک اور ایس او پیز پر عمل درآمد کیلئے پورے ملک میں فوج کی مدد لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

 وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت ای سی سی کا اہم اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس کی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصلہ سلطان نے بریفنگ دی۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام کو ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کیلئے فوج کی مدد لینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے لیکن ہمارے ہاں وہ حالات نہیں جو ہندوستان میں ہیں۔ بھارت میں آکسیجن کی کمی ہو گئی ہے۔ برائے مہربانی ایس او پیز پر عمل کریں، بھارت جیسے حالات ہوگئے تو شہر بند کرنا پڑیں گے۔


ای پیپر