شہباز شریف کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا گیا
23 اپریل 2021 (13:03) 2021-04-23

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا گیا ۔ شہباز شریف کو لاہور ہائی کورٹ نے ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔

نیو نیوز کے مطابق شہباز شریف کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے 50 ،50 لاکھ کے دو ضمانتی مچلکے احتساب عدالت نمبر 2 میں جمع کرائے جس کے بعد روبکار جاری کردی گئی ۔ وکلا روبکار لے کر کوٹ لکھپت جیل روانہ ہوئے ۔

مسلم لیگ نون کے رہنما ملک سیف کھوکھر اور چوہدری محمد نواز قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہبازشریف کے ضمانتی ہیں ۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے تین رکنی بنچ نے جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی ضمانت منظور کی تھی ۔

بنچ کے سربراہ جسٹس علی باقر نجفی نے مختصر فیصلہ جاری کرتے ہوئے 50، 50 لاکھ روپے کے 2 مچلکے بھی جمع کرانے کی ہدایت کی تھی ۔

دوران سماعت بنچ نے استفسار کیا تھا کہ جو ٹی ٹیز صدر ن لیگ کو آئیں یا منی لانڈرنگ کی وہ پیسہ کہاں سے آیا؟ نیب پراسیکیوٹر کے مطمئن نہ کرنے پر 3 رکنی ریفری بنچ نے متفقہ فیصلہ سنایا ۔

منی لانڈرنگ کیس میں قبل ازیں 2 رکنی بنچ میں جسٹس سرفراز ڈوگر نے ضمانت کے حق اور جسٹس اسجد جاوید گھرال نے مخالفت کی جبکہ نئے تین رکنی بنچ نے شہباز شریف کی متفقہ ضمانت کا فیصلہ جاری کیا تھا ۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں تشکیل دئیے گئے بنچ میں جسٹس مس عالیہ نیلم اور جسٹس سید شہباز علی رضوی شامل تھے ۔


ای پیپر