UN Secretary General, Quetta blast, China, Pakistan, PTI government, Sheikh Rasheed
23 اپریل 2021 (09:30) 2021-04-23

نیویارک: سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کی کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت ، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کی حکومت پاکستان اور شہدا کے لواحقین سے تعزیت ۔

ترجمان سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ اسٹیفن ڈوجرک کا کہنا ہے کہ پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں ۔ گزشتہ روز کوئٹہ میں نجی ہوٹل کی پارکنگ میں دھماکے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے ۔

بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے چین نے کہا کہ ہمیں پاکستانی اداروں سے امید ہے وہ جلد ذمہ داروں تک پہنچ جائیں گے ۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ وانگ وین بِن نے کہا کہ کوئٹہ میں دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور دھماکے میں مرنے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ دھماکے کے وقت چینی سفیر اور وفد کے اراکین ہوٹل میں موجود نہیں تھے اور ہمیں پاکستانی اداروں سے امید ہے وہ جلد ذمہ داروں تک پہنچ جائیں گے جبکہ چین انسداد دہشت گردی کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا ۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے تصدیق کی تھی کہ چینی سفیر نونگ رونگ اسی ہوٹل میں قیام پذیر تھے تاہم دھماکے کے وقت وہ وہاں موجود نہیں تھے اور وہ بالکل خیریت سے ہیں ۔

شیخ رشید کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ کوئٹہ دھماکا دشمن کی سازش ہے اور ملک میں دہشتگردی کی لہر پلاننگ کے تحت آ رہی ہے اور یہ انٹرنیشنل ایجنڈا ہے ۔

وزیر داخلہ نے خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بڑے شہروں میں دہشتگردی کی اطلاعات ہیں ۔ راولپنڈی ، اسلام آباد ، پشاور اور کراچی میں دہشتگردی ہو سکتی ہے جبکہ اداروں کی جانب سے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے ۔


ای پیپر