بھارت میں درانتی سے بیوی کے پیٹ میں بچے کا قتل
22 ستمبر 2020 (19:35) 2020-09-22

نئی دہلی : دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے  دعویدار بھارت میں ایک شخص نے اپنی بیوی کو شدید زخمی اور اس کے پیٹ میں موجود بچے کو قتل کر دیا کیونکہ وہ ایک درانتی کی مدد سے یہ جاننے کی کوشش کر رہا تھا کہ کیا اس کی بیوی ایک بار پھر ایک بیٹی کو تو جنم نہیں دینے والی۔

تفصیلات کے مطابق شمالی بھارت کی ریاست اتر پردیش کے ایک مضافاتی گائوں ’’بدواں‘‘ میں ایک شخص نے درانتی کے ذریعے یہ دیکھنے کی کوشش کی کہ اس کی بیوی کیا ایک بار پھر 5 بیٹیوں کے بعد ایک اور بیٹی کو تو جنم نہیں دینے والی اور اس کوشش میں اس نے اپنی بیوی کو شدید زخمی جبکہ اپنے بچے کو قتل کر ڈالا۔ اس شخص کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ یہ واقعہ ہفتہ کے روز پیش آیا جبکہ شدید زخمی حالت میں اس کی بیوی نے اتوار کو ایک مرے ہوئے بچے کو جنم دیا۔

پولیس کے مطابق جنونی شخص نے ایک درانتی کے ساتھ اپنی بیوی پر حملہ کیا اور ساتھ ساتھ وہ یہ بھی دہرا رہا تھا کہ وہ اپنی بیوی کے پیٹ میں دیکھنا چاہتا ہے کہ بیٹا ہے یا نہیں۔شدید زخمی حالت میں خاتون نئی دہلی کے ایک ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں زیر علاج ہیں۔


ای پیپر