فائل فوٹو

لاہور میں مینڈک سپلائی کرنے کی کوشش ناکام، 2 افراد گرفتار
22 ستمبر 2019 (14:26) 2019-09-22

لاہور : مجاہد سکواڈ نے شہر میں 5 من زندہ اور مردہ مینڈکوں کی سپلائی کی کوشش ناکام بنا دی۔

تفصیلات کے مطابق ہوٹلوں سے گوشت کھانے والے شہری ہو جائیں ہوشیار، گدھوں اور مردہ جانوروں کے گوشت کے بعد اب لاہور شہر میں مینڈک فروخت ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

واقعہ کچھ یوں ہے کہ رات گئے مجاہد سکواڈ پولیس راوی ناکے پر سرچ آپریشن کر رہی تھی کہ اس دوران ایک رکشے کو روکا گیا، رکشے میں رکھی بوریاں کھولی گئیں تو حیرت انگیز طور پر اس میں سے مینڈک برآمد ہوئے، جس پر پولیس نے دونوں افراد کو گرفتار کرلیا جوکہ سگے بھائی ہیں، ملزمان سے پانچ من سے زائد مینڈک برآمد ہوئے ہیں۔

مینڈک سپلائی کرنے والے ملزمان نے بتایا کہ یہ انارکلی میں آصف نامی شخص کو دینے جا رہے تھے جو انار کلی میں میڈیکل کے اسٹوڈنٹس کو فروخت کرتا ہے۔

پولیس نے واقعہ کی مزید تحقیقات کیلئے ٹیم تشکیل دیدی۔

واضح رہے کہ لاہور شہر میں اتنی بڑی تعداد میں مینڈک سپلائی کرنے کا یہ انوکھا واقعہ ہے۔


ای پیپر