Source : Yahoo

پاکستان بھارتی جنگی جنونیت کو مسترد کرتا ہے :وزیر اطلاعات فواد چوہدری
22 ستمبر 2018 (21:05) 2018-09-22

اسلام آباد: بھارتی آرمی چیف کی دھمکی کے بعد وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے مذاکرات کی دعوت اور امن کی خواہش کے باوجود بھارت کی جانب سے پاکستان کو دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا ہے کہ لگتا ہے بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت خود کو جنرل نہیں بھارتیہ جنتا پارٹی کا جنرل سیکریٹری سمجھتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اب دنیا دیکھ لے کون امن پسند اور کون جنگ کا خواہاں ہے ۔

واضح رہے اس سے قبل بھارتی آرمی چیف بپن راوت نے پاکستان کو گیدڑ بھبکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان وہی کررہا ہے جو کرتا آیا ہے۔ بھارتی جنرل راوت نے مزید اقدامات کرنے کی بڑھک بھی ماردی اور کہا کہ ہم اپنی اگلی کارروائی کی تفصیلات بتا نہیں سکتے، بھارتی فوج کی کارروائی میں ہمیشہ سرپرائزہوتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ اطلاعات نے بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت کے بیان کے جواب میں ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جنگی جنونیت کو مسترد کرتا ہے۔

فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سب جانتے ہیں کہ بھارت میں انتخابات ہونے والے ہیں، پاکستان پر الزام تراشی کا مقصد نریندر مودی پر استعفے کے دباﺅ کو کم کرنا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہم نے امن کے لیے ہاتھ آگے بڑھایا تھا، ہم اب بھی امن کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے، پاکستان اور بھارت ایٹمی طاقتیں ہیں، جنگ نہیں ہوسکتی، پاکستان اور بھارت کے مسائل کا واحد حل مذاکرات ہیں۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ بھارتی حکمران انتخابات میں فائدے کے لیے پاکستان مخالف پروپیگنڈا کر رہے ہیں، مودی کا چہرہ فرینچ جیٹ کرپشن میں سامنے آ گیا ہے، مودی بھارتی عوام کی توجہ کرپشن اسکینڈل سے ہٹانا چاہتا ہے۔


ای پیپر