army chief qamar javed bajwa
کیپشن:    آرمی چیف نے گوجرانوالہ کے قریب مرالہ ہیڈ ورکس میں مشقوں کا معائنہ بھی کیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو
22 اکتوبر 2020 (22:35) 2020-10-22

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج تمام مشکلات میں ہمیشہ قوم کی امیدوں پر پورا اترے گی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سےجاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز گوجرانوالہ کا دورہ کیا کور کمانڈرز گوجرانوالہ سیّد عاصم منیر نے استقبال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار نے جوانوں کو جنگی اور روایتی آپریشن کی تربیت کرتے ہوئے دیکھا اور بعد میں گوجرانوالہ کے قریب مرالہ ہیڈ ورکس میں مشقوں کا معائنہ بھی کیا۔ آرمی چیف نے شاندارجنگی تربیت اور فارمیشن کے معیار کو سراہا۔ اس دوران آرمی چیف کو آپریشنل، انتظامی امور پر بریفنگ دی گئی۔ 

جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ تربیت جنگی تیاریوں کو بڑھانےمیں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ پاک فوج تمام مشکلات میں ہمیشہ قوم کی امیدوں پر پورا اترے گی۔ ملکی دفاع کیلئے عظیم قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے سی ایم ایچ گوجرانوالا کا بھی دورہ کیا اور انہیں مریضوں کے بہتر علاج کے لیے جاری منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے کورونا وبا کے پھیلاو کو روکنے اور قیمتی جانیں بچانے پر آرمی میڈیکل کور کی تعریف کی۔

گزشتہ روز چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے چھمب سیکٹر کا دورہ کیا اور جوانوں کی آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی۔ کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹننٹ جنرل اظہر عباس نے آرمی چیف کا ایل او سی پر استقبال کیا تھا۔ 

آرمی چیف کو اس دورے کے موقع پر بھارت کی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں سمیت آپریشنل تیاریوں سے آگاہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی چیف کو بتایا گیا کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی کے قریب رہنے والے کشمیریوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے افسران اور جوانوں سے ملاقات کے دوران ان کی انتھک اور غیر معمولی تیاریوں کو سراہا۔

آرمی چیف نے جوانوں پر زور دیا کہ وہ بھارت کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی سے متاثر ہونے والی مقامی آبادی سے بھرپور تعاون کریں۔ ہر دم ثابت قدم رہیں، اپنے فرائض پوری ایمان داری اور عزم کے ساتھ ادا کریں۔


ای پیپر