یوٹیلیٹی اسٹورز کے کسی ملازم کو نہیں نکالا جائے گا،نعیم الحق
22 اکتوبر 2018 (20:03) 2018-10-22

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کے تمام مطالبات تسلیم کرلیے، یوٹیلیٹی اسٹورزملازمین کوگھراورہیلتھ کارڈ جاری کریں گے، تمام کنٹریکٹ اورڈیلی ویجز ملازمین کومستقل بھی کر دیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومتی وفد یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین سے مذاکرات کیلئے ڈی چوک میں دھرنے میں پہنچ گیا۔حکومتی وفد میں نعیم الحق اور فرخ حبیب و دیگر شامل ہیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے یوٹیلیٹی اسٹورز کے ملازمین کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مظاہرین کے تمام مطالبات تسلیم کرتے ہیں۔

یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کوگھر اورہیلتھ کارڈ جاری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرتجارت کے بیرون ملک ہونے سے ابھی نوٹیفکیشن نہیں ہوسکتا۔نعیم الحق نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورزکے تمام کنٹریکٹ اورڈیلی ویجز ملازمین کومستقل کریں گے۔ یوٹیلیٹی اسٹورز کے کسی ملازم کو نہیں نکالا جائے گا۔ یوٹیلیٹی اسٹورزکارپوریشن کوبند نہیں کریں گے بلکہ اسے بچائیں گے۔


ای پیپر