Political leaders, sorrow, death, Nawaz Sharif, Shahbaz Sharif, mother
کیپشن:   فائل فوٹو سورس:   
22 نومبر 2020 (17:11) 2020-11-22

اسلام آباد: سابق وزیر اعظم نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ کی وفات پر سیاسی رہنماوں کا اظہار افسوس، وزیراعظم عمران خان نے شمیم اختر کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے درجات کی بلندی کیلئے بھی دعا کی۔

تفصیلات کے مطابق نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ کے انتقال پر وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت عارف علوی کے ساتھ ساتھ وفاقی اور صوبائی وزرا نے بھی افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ کے انتقال پر افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ وفاقی وزیر فواد چودھری نے مرحومہ کے بلند درجے کی دعا کی۔ جبکہ معاون خصوصی شہباز گل نے شمیم بیگم کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دعاگو ہیں اللہ پاک مرحومہ کے درجات بلند فرمائیں اور ورثا کو صبر نصیب فرمائیں۔

پی ڈی ایم جلسے میں موجود بلاول بھٹو زرداری ، مولانا فضل الرحمان اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماوں نے مریم سے اُن کی دادی کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا۔

ادھر پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کے انتقال پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ نواز شریف کی والدہ کی طبیعت گزشتہ ایک ماہ سے ہی خراب تھی لیکن گزشتہ چند روز سے ان کی طبیعت بہت زیادہ خراب تھی، ان کا انتقال ایون فیلڈ اپارٹمنٹس میں ہوا۔

شریف فیملی ذرائع کے مطابق بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ لندن میں ہی ادا کی جائے گی اور ان کا جسد خاکی کل پاکستان کے لیے روانہ کیا جائے گا تاہم نواز شریف کے میت کے ساتھ پاکستان آنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔


ای پیپر