PDM, power show, Peshawar, Bilawal, Maryam Nawaz, Fazal-ur-Rehman
کیپشن:   فائل فوٹو سورس:   
22 نومبر 2020 (11:53) 2020-11-22

پشاور: اپوزیشن حکومت گراو تحریک کیلئے سرگرم ، آج پشاور میں پی ڈی ایم کا پاور شو ہو گا۔ اپوزیشن جماعتوں کی سیاسی قیادت بھی پشاور میں موجود ہے۔

تفصیلات کے مطابق بڑے سیاسی جلسے کے لیے سٹیج سج گیا ہے۔ ساونڈ سسٹم اور کرسیاں بھی لگ گئیں ہیں، جلسہ گاہ میں پارٹی پرچموں کی بہار ہے۔ کارکنوں کے قافلے جلسے میں شرکت کیلئے مختلف اضلاع سے پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ پی ڈی ایم جلسے کے پیش نظر رنگ روڑ جانے والے راستے بند کر دیئے گئے ہیں، انتظامیہ نے چار سدہ روڈ اور دلہ زاک روڈ پر ٹرک کھڑے کر دیئے ہیں۔ بیشتر علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔

ادھر سٹی ٹریفک پولیس نے عوام کی سہولت کے لیے ٹریفک پلان ترتیب دے دیا ہے۔ عوام کی سہولت کے لیے متبادل روٹس کے خصوصی نقشے جاری کر دیئے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ پشاور میں پی ڈی ایم کے جلسے کی وجہ سے راستوں کی بندش کا سلسلہ جاری ہے ، رنگ روڈ پل کے مقام پر جی ٹی روڈ سے جلسہ گاہ کو جانے والی سڑک کو بھی بند کر دیا گیا ہے جس کے باعث شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب جے یو آئی (ف) کے رضا کار دستے انصارالاسلام نے جلسہ گاہ کی سکیورٹی سنبھال لی ہے، پنڈال میں داخلے کیلئے واک تھرو گیٹ نصب کر دیئے گئے ہیں، 4 ہزار پولیس اہلکار بھی تعینات ہیں۔ کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مرکزی قائدین پنڈال میں 2 بجے پہنچیں گے۔

واضح رہے کہ پی ڈی ایم اس سے پہلے گوجرانوالہ، کراچی اور کوئٹہ میں بھی بڑے جلسے کر چکی ہے۔ جس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیر اعظم نواز شریف ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے رہے ہیں۔


ای پیپر