Corona virus began to spread havoc in Pakistan, the deadly virus took another 59 lives
22 نومبر 2020 (10:02) 2020-11-22

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس تباہی پھیلانے لگا ،مہلک وائرس 24 گھنٹے میں 59جانیں لے گیا جبکہ اموات کی تعداد 7ہزار 662ہوگئی ہے اور2ہزار 664 نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر(این سی او سی )کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں مصدقہ کیسز کی تعداد 3لاکھ 74ہزار 173 ہوگئی ، ایک ہزار 653 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 24گھنٹے میں 897مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

حکومت نے عندیہ دیا ہے کہ اگر کورونا کی صورتحال بہتر نہ ہوئی تو دوبارہ سخت لاک ڈاﺅن کی طرف جا سکتے ہیں، عوام کو چاہیے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ اس مرض کو شکست دی جا سکے۔ ادھر عالمی ادارہ صحت نے بھی ایس او پیز پر عملدرآمد کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر 95 فیصد افراد صرف فیس ماسک ہی پہننا شروع کر دیں تو کسی ملک کو لاک ڈاﺅن لگانے کی ضرورت ہی پیش نہ آئے۔

ڈبلیو ایچ اور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سماجی رابطے رکھنا ممکن نہیں ہے لیکن احتیاطی تدابیر اختیار کرنا عوام کے بس میں ہے۔ انہوں نے یورپ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں کی تقریباً ساٹھ فیصد عوام ہی فیس ماسک استعمال کرتی ہے۔

پاکستان میں این سی او سی کی جانب سے جاری ہونے والے اعدادوشمار کے مطابق صوبہ پنجاب کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والی اموات کے لحاظ سے پہلے نمبر پر ہے جہاں 2848 لوگ اس موذی مرض کے ہاتھوں اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ دیگر صوبوں کی صورتحال بھی کچھ بہتر نہیں ہے۔ صوب سندھ میں کورونا وائرس سے 2816 جبکہ خیبر پختونخوا میں 1325 نے کورونا وائرس کی وجہ سے اپنی جانیں گنوا دی ہیں۔

دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 کروڑ 84 لاکھ سے تجاوز کر گئی ،ہلاکتوں کی تعداد 13 لاکھ 85 ہزار ہو گئی جبکہ کورونا میں مبتلا اب تک 4 کروڑ 4 لاکھ 35 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہوگئی ہے۔


ای پیپر