فائل فوٹو

چودھری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کو حاضری سے استثنیٰ مل گیا
22 نومبر 2019 (11:56) 2019-11-22

لاہور: چودھری شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو حاضری سے استثنیٰ مل گیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں چودھری شوگر ملز کیس کی سماعت ہو رہی ہے جس میں نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کروائی گئی جسے منظور کر لیا گیا۔ احتساب عدالت میں چودھری شوگر ملز کیس کی سماعت جج امیر محمد خان نے کی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو عدالت پیش کیا گیا، انہوں نے عدالت کے روبرو درخواست جمع کروائی کہ نواز شریف اور انہیں ریفرنس دائر ہونے تک حاضری سے استثنیٰ دیا جائے جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ مریم نواز ریفرنس فائل ہونے بعد ٹرائل کا سامنا کریں گی۔

نیب پراسیکیوٹر نے مریم نواز کو حاضری سے استثنیٰ دیئے جانے کی مخالفت کی جس پر عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کو جلد ریفرنس دائر کرنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور اُن کی صاحبزادی مریم نواز کی لاہور ہائیکورٹ سے درخواست ضمانت پہلے ہی منظور ہو چکی ہے۔ سابق وزیراعظم لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد اس وقت لندن میں موجود ہیں جہاں ان کا علاج جاری ہے۔


ای پیپر