file photo

آرمی چیف کا پی آئی اے طیارہ حادثے پر اظہار افسوس
22 May 2020 (16:36) 2020-05-22

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا پی آئی اے طیارہ حادثے پر اظہار افسوس۔ آرمی چیف نے کہا کہ مشکل گھڑی میں جاں بحق مسافروں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، انہوں نے امدادی کاموں میں سول انتظامیہ سے بھرپور تعاون کی ہدایت بھی کی۔

واضح رہے کہ لاہور سے کراچی جانے والا پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز ( پی آئی اے ) کا طیارہ گر کر تباہ۔ طیارہ ماڈل کالونی کے پاس گرنے کی اطلاعات آئی ہیں۔

لاہور سے کراچی جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 سے متعلق سول ایوی ایشن نے تصدیق کی ہے کہ پی آئی اے کی پرواز کا لینڈنگ سے ایک منٹ قبل کا ائیرٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔

طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوئی تھی اور لینڈنگ سے پہلے اس کے پہیے نہیں کھل رہے تھے، جس پر پرواز کو راؤنڈ اپ کا کہا گیا لیکن اس دوران جہاز گر گیا۔

ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار طیارے میں 90 سے زائد مسافرسوار تھے، جن میں 85 مسافر اکانومی کلاس میں، 6 بزنس کلاس جب کہ دیگر عملے کے ارکان تھے۔ طیارہ ماڈل کالونی اور ملیر کینٹ کے قریب جناح گارڈن کے پاس آبادی پر گرا ہے۔

طیارہ گرنے سے قبل قریب موجود رہائشی عمارتوں کی چھتوں سے ٹکرایا جس سے کئی گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے،  گھروں کی چھتوں پر بھی آگ لگ گئی جب کہ طیارہ گرنے کے بعد علاقے میں کھڑی گاڑیوں کو آگ لگ گئی۔

ریسکیو کی ٹیمیں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ آرمی کوئیک ری ایکشن فورس اور پاکستان رینجرز سندھ کے جوان سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر امداد اور بچاؤ کی کوششوں کے لئے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں۔


ای پیپر