آئی سی سی نے کرکٹ ورلڈ کپ کوریج تفصیلات جاری کر دیں
22 May 2019 (17:21) 2019-05-22

لندن :انگلینڈ اور ویلز میں 30مئی سے شروع ہونے والے کرکٹ کے عالمی کپ کے مقابلے دنیا کے 180 ممالک میں ٹی وی، ریڈیو اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر براہ راست نشر کیے جانے کے علاوہ اس بار پہلی مرتبہ بھارت، متحدہ عرب امارات اور بحرین میں سینما گھروں میں بھی دکھائیں جائیں گے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی طرف سے ورلڈ کپ کے مقابلوں کو دنیا کے کونے کونے تک براہ راست نشر کرنے کے انتظامات کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بھارت، متحدہ عرب امارات اور بحرین میں لائیو میچ سینما گھروں میں دکھانے کے لیے سنی پلیکس کو حقوق دے دیئے گئے ہیں۔اس کے علاوہ چند میچ بھارت میں انوکس، متحدہ عرب امارات میں نوا اور ریل اور بحرین میں نوا پر دکھائے جائیں گے۔

آئی سی سی کے نشریاتی حقوق رکھنے والے عالمی نشریاتی ادارے سٹار سپورٹس نے مختلف ملکوں کے 25نشریاتی اداروں کو عالمی کپ نشر کرنے کے حقوق دئیے ہیں اور پاکستان میں حسب معمول یہ حقوق پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل (پی ٹی وی)اور نجی ٹی وی چینل ٹین سپورٹس کے پاس ہیں۔عالمی کپ کے میچوں کی کمنٹری کیلئے سٹار سپورٹس نے دنیا کے پچاس بہترین کرکٹ مبصروں کی خدمات بھی حاصل کی ہیں جو مختلف زبانوں میں کمنٹری اور ماہرانہ تبصرے پیش کریں گے۔


ای پیپر