فائل فوٹو

بنگلا دیش نے پاکستانی شہریوں کو ویزا دینے سے انکار کر دیا
22 May 2019 (15:54) 2019-05-22

ڈھاکا: عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بنگلا دیش نے اپنے سفارتکار کے ویزے میں توسیع کی درخواست پر پاکستان کی جانب سے اب تک کارروائی نہ ہونے پر نہ صرف پاکستانی شہریوں کے لیے ویزے کا اجرا روک دیا بلکہ بنگلا ددیش میں پاکستانی ہائی کمشنر کی تعیناتی کیلئے اسلام آباد کی نامزدگی بھی قبول کرنے سے انکار کر دیا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد میں بنگلادیش کے ہائی کمشنر نے گزشتہ چار ماہ سے پاکستانی حکومت کی جانب سے بنگلادیشی سفارتکار کے ویزے میں توسیع کی درخواست پر غور نہ کیے جانے کے بعد بطور احتجاج گزشتہ ایک ہفتے سے پاکستانی شہریوں کیلئے ویزے جاری کرنا بند کر دیئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد میں بنگلادیشی ہائی کمیشن کے پریس قونصلر محمد اقبال حسین نے اپنے ویزے میں توسیع کے لیے پاکستان کی وزارت خارجہ کو جنوری میں درخواست دی تھی جو بنگلادیشی وزارت داخلہ کی طرف سے بھیجی گئی لیکن اس پر اب تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ سفارتکار کی اہلیہ اور بیٹے کی جانب سے بھی پاکستانی ہائی کمیشن کو ویزے کے اجرا کی درخواست دی گئی تھی مگر اس پر بھی تاحال کوئی پیشرفت نہ ہو سکی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان نے ثقلین سیدہ کو بنگلادیش کے لیے اپنا ہائی کمشنر مقرر کیا ہے مگر بنگلا دیش نے اسلام آباد کی جانب سے اس نامزدگی کو قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔


ای پیپر