پاکستان:کورونا وائرس، 219 نئے کیسز سے متاثرین کی مجموعی تعداد 730
22 مارچ 2020 (00:01) 2020-03-22

اسلام آباد:دنیا بھر کو متاثر کرنے والا کورونا وائرس اب پاکستان میں بھی کافی تیزی سے پھیل رہا ہے اور یہاں اس سے متاثرہ افراد کی تعداد 700 سے تجاوز کر گئی ہے۔

ملک میں بروز ہفتہ تصدیق ہونے والے کیسز میں صوبہ سندھ سے 128، پنجاب سے 41، بلوچستان سے 12، خیبرپختونخوا سے 4 جبکہ گلگت بلستان سے 34 نئے کیسز شامل ہیں۔اس طرح اگر ملک بھر میں متاثرین کی تعداد پر نظر ڈالیں تو اب تک یہ 693 ہوگئی ہے، جس میں سندھ کے 396، پنجاب کے 137، بلوچستان کے 104، خیبرپختونخوا کے 27، اسلام آباد کے 10، گلگت بلتستان میں 55 اور ایک آزاد کشمیر کا ایک کیس شامل ہے۔

صوبہ سندھ جو اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے وہاں ہفتہ کے روز مزید 105 نئے کیسز سامنے آئے۔اس حوالے سے محکمہ صحت سندھ کی ترجمان میران یوسف نے بتایا کہ صوبے میں مزید 15 کیسز سامنے آئے۔بعد ازاں محکمہ صحت سندھ کی ترجمان نے صوبے میں مزید نئے 90 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں تعداد 357 تک جاپہنچی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران سے واپسی آنے والے زائرین میں نئے کیسز کی تصدیق ہوئی اور ان تمام افراد کو سکھر میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔چند گھنٹے بعد انہوں نے مزید 2 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں تعداد 359 تک پہنچ گئی ہے۔

بعد ازاں سکھر میں تفتان سے آنے والے مزید 36 زائرین میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد سندھ میں اس سے متاثرہ افراد کی تعداد 396 ہوگئی۔محکمہ صحت سندھ کی ترجمان میران یوسف کے مطابق ہفتہ کے روز کراچی میں 3 اور سکھر میں 125 کیسز سامنے آئے۔ادھر پنجاب میں بھی مزید 41 کیسز سامنے آنے سے صوبے میں متاثرین کی تعداد 137 تک جا پہنچی ہے۔محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان قیصر آصف کا کہنا تھا کہ صوبے میں 41 افراد میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے۔ان نئے کیسز کے بعد صوبے میں اس عالمی وبا کے مریضوں کی تعداد ملک میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ ہوگئی۔دوسری جانب بلوچستان میں کورونا وائرس کے مزید 12 نئے کیسز سامنے آگئے۔اس حوالے سے بلوچستان کے چیف سیکریٹری فاضل اصغر نے صوبے میں ان نئے کیسز کی تصدیق کی اور بتایا کہ اب تک 104 افراد میں کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ ادھر خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت کے فوکل پرسن اجمل وزیر نے پہلے تصدیق کی کہ صوبے میں 2 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں مریض بیرون ملک سے آئے تھے اور ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا، تاہم ان دونوں مریض پولیس سروسز ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔بعد ازاں خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت نے صوبے میں مزید 2 کیسز کی تصدیق کی۔ایک بیان میں صوبائی محکمہ صحت نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں مزید 2 افراد میں کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا جس کے بعد صوبے میں مریضوں کی تعداد 27 ہوگئی۔علاوہ ازیں سرکاری ویب کے اعداد و شمار میں گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 9 کیسز رپورٹ ہونے کے بارے میں بتایا گیا۔ بعد ازاں سرکاری ویب سائٹ کے اعداد و شمار میں مزید 25 کیسز کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 55 تک جاپہنچی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ برس کے آخر میں چین کے صوبے ہوبے کے شہر ووہان سے شروع ہونے والے اس مہلک کورونا وائرس نے دنیا بھر میں تباہی مچادی ہے اور اب تک 11 ہزار سے زائد افراد اس عالمی وبا سے لقمہ اجل بن چکے ہیں۔اگرچہ اس وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ابھی تک چین میں سب سے زیادہ ہے لیکن اس سے اموات کی تعداد میں یورپ خاص طور اٹلی سب سے آگے نکل چکا ہے اور وہاں اس سے 4 ہزار سے زائد لوگ مرچکے ہیں۔پاکستان میں یہ وائرس فروری کے آخر میں آیا اور اب تک ملک میں خیبرپختونخوا میں 2 اور سندھ میں ایک ہلاکت سامنے آئی ہے۔


ای پیپر