وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے نیب میں پیشی کےلئے نئی تاریخ مانگ لی
22 مارچ 2018 (18:14)

اسلام آباد : وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے نیب میں پیشی کےلئے نئی تاریخ مانگ لی ہے اور کہا ہے کہ اسلام آباد میں سرکاری مصروفیات اور چینی سفیر سے طے شدہ ملاقات کے باعث نیب کو اگلی تاریخ کےلئے خط لکھا ہے، نیب سے تعاون بھی کروں گا، تفصیلات بھی دوں گا، ہمارا دور تھا یا کوئی اور اس ملک میں کبھی شفاف احتساب نہیں ہوا ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نیب لاہور نے بلایا تھا تاہم اسلام آباد میں سرکاری مصروفیات تھیں ، چینی سفیر کے ساتھ طے شدہ ملاقات ہے اور نیب کو اگلی تاریخ کے لئے خط لکھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب سے تعاون بھی کروں گا، تفصیلات بھی دوں گا، نیب نے پیراگان سوسائٹی کے حوالے سے پوچھا ہے جو سوالات پوچھے گئے ان کے جواب دوں گا۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نیب کے کالے قانون کو نہ ماننے کے باوجود پیش ہوں گا اور میں اور میرا بھائی بھِی نیب لاہور میں تفصیلات جمع کرائیں گے۔ وزیر ریلوے نے الزام عائد کیا کہ نیب میں مشرف دور کی بھرتی والے لوگ بیٹھے ہیں اور کوئی احتساب نہیں ہورہا ہے بلکہ احتساب کے نام پر نشانہ بنایا جارہا ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ یہاں پر احتساب کے نام پر لوگوں کو ٹارگٹ کیا گیا ہے، چاہے ہمارا دور تھا یا کوئی اور، اس ملک میں کبھی شفاف احتساب نہیں ہوا، نیب کا یہ کالا قانون ہے اور اسے ہم نے ہمیشہ کالا قانون ہی کہا ہے۔


ای پیپر