شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں زعیم قادری کی بغاوت پر غور
22 جون 2018 (20:36) 2018-06-22

لاہور:مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پارٹی اجلاس ہوا جس میں زعیم حسین قادری کی بغاوت کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پرغور کیا گیا۔

اجلاس میں حمزہ شہباز سمیت مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنمائوں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں زعیم قادری کی بغاوت کے بعد کی صورتحال سمیت (ن) لیگ کے ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر بھی مشاورت کی گئی۔بعد ازاں شہباز شریف سے امیر مقام اور مرتضیٰ جاویدعباسی نے ملاقات کی، اس موقع پر امیرمقام نے خیبر پختونخوا میں انتخابی مہم اور ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق تجاویز پیش کیں، شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی ناقص کارکردگی عوام کے سامنے لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام مسلم لیگ (ن) سے والہانہ محبت کرتے ہیں۔

ہماری کارکردگی عوام کے سامنے ہے جبکہ پی ٹی آئی کے پاس دکھانے کے لیے کچھ نہیں۔واضح رہے کہ جمعرات کے روز (ن) لیگی رہنما زعیم قادری نے آزاد حیثیت سے این اے 133سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ حمزہ شہباز سن لو لاہور تمہارے اور تمہارے باپ کی جاگیر نہیں جبکہ میں تمہارے بوٹ پالش نہیں کرسکتا۔


ای پیپر