بنی گالہ میں پی ٹی آئی کارکنوں کا دھرنا پانچویں روز میں داخل
22 جون 2018 (19:41) 2018-06-22

اسلام آباد :چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ میں پارٹی کارکنان کا احتجاج پانچویں دن بھی جاری رہا۔


تفصیلات کے مطابق کارکنان نے عام انتخابات کے لیے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے خلاف دھرنا دے رکھا ہے ٗان کارکنان کا تعلق این اے 154 ملتان اور این اے 12 بٹگرام سے ہے۔احتجاج کرنے والے کارکنوں کے مطابق انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کے دوران نظریاتی ورکرز کو نظر انداز کر دیا گیا ٗ جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے، یہیں بیٹھیں گے۔


کیمپ میں ایک موقع پر جب یہ نغمہ چلایا گیا کہ جب آئے گا عمران ، بنے گا نیا پاکستان ٗتو ایک کارکن نے بلند آواز میں کہا کہ نیا پاکستان تب بنے گا جب صحیح افراد کو پارٹی ٹکٹ دے گی۔انہوں نے کہا کہ سکندر بوسن کو پارٹی ٹکٹ الاٹ کرنا پارٹی کے کارکنان کو منظور نہیں ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ وہ مظاہرین کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔


ای پیپر