انسٹا گرام نے یو ٹیوب کو بڑی ٹکر دے ڈالی
22 جون 2018 (16:13) 2018-06-22

سان فرانسسکو: سوشل میڈیا کی فوٹو شیئرنگ ایپلیکشن انسٹاگرام نے یوٹیوب کی نقل کرتے ہوئے آئی جی ٹی وی متعارف کروادیا، جو ایک ویڈیو چینل فیچر ہے۔
انسٹاگرام کمپنی کے سی ای او کیون سسٹروم نے اعلان کیا کہ صارفین کو آئی جی ٹی وی فیچر کی اضافی سہولت فراہم کی جارہی ہے جس کے تحت وہ انسٹاگرام پر اپنا ویڈیو چینل بنا سکتے ہیں۔کیون سسٹروم کا تقریب میں کہنا تھا کہ 2010 میں متعارف کروائی گئی یہ ایپ اب پوری دنیا میں مقبول ہوچکی ہے جس کے ایک ارب صارفین ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ ہم اس کے ذریعے صارفین کو مزید سہولیات فراہم کرتے رہیں۔


انہوں نے کہاکہ آج کل کے نوجوان 40 فیصد ٹی وی دیکھتے ہیں ٗ 60 فیصد موبائل کا استعمال کرتے ہیں اور اب انسٹاگرام کے اس نئے فیچر کے ذریعے وہ اپنی دلچسپی کے پروگرام دیکھ سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس فیچر کی مدد سے صارفین ایپ پر صرف ایک منٹ کی مختصر اسٹوری ویڈیو اَپ لوڈ کرنے کے بجائے با آسانی 1 گھنٹے تک کی ویڈیو اپ لوڈ کرسکتے ہیں۔آئی جی ٹی وی فیچر میں تمام ویڈیوز عمودی (vertical) دیکھی جا سکتی ہیں، جس میں فْل اسکرین بھی ہوسکتی ہے ۔اس فیچر کے ذریعے پسندیدہ چینلز کے پروگرامز بھی دیکھے جا سکیں گے اور ساتھ ہی صارفین خود بھی اپنی طویل ویڈیو بنا کر ذاتی چینل لانچ کر کے ویڈیوز اَپ لوڈ کرسکتے ہیں۔اس کی خاص بات یہ ہے کہ جو صارف انسٹاگرام پر موجود نہیں ہیں، وہ بھی پلے اسٹور سے اس فیچر کو بطور ایپ استعمال کرسکتے ہیں۔


علاوہ ازیں انسٹاگرام صارفین اپنی پروفائل سے ہی اس فیچر کو استعمال کر سکتے ہیں جس کیلئے اَپ ڈیٹ موصول ہوجائے گی ٗاس فیچر کو آئی او ایس اور اینڈرائڈ ڈیوائسز دونوں پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔واضح رہے کہ آئی جی ٹی وی ویڈیوز انسٹاگرام کی لائیو ویڈیوز کی طرح ہوں گی جس کو دیکھنے کے بعد اس پر تبصرے بھی کیے جا سکتے ہیں۔


ای پیپر