سیہون زیادتی کیس میں جج کیخلاف مقدمہ درج
22 جنوری 2020 (21:23) 2020-01-22

سیہون: چیمبر میں لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے جج امتیاز حسین بھٹو کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا،متاثرہ لڑکی سلمی بروہی نے اپنے دوسرے بیان میں بھی زیادتی کرنے کی تصدیق کی۔

تفصیلات کے مطابق سیہون میں پسند کی شادی کرنے والی لڑکی سلمی بروہی نے الزام لگایا تھا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ امتیاز حسین بھٹو نے بیان لینے کے بہانے اپنے چیمبر میں اسے زیادتی کا نشانہ بنایا۔ لڑکی کی جانب سے الزام لگائے جانے کے بعد جج کو مس کنڈکٹ کی بنیاد پر معطل کردیا گیا تھا اور اب جج کے خلاف لڑکی سے زیادتی کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔پولیس اسٹیشن سیہون میں ایس ایچ او مظہر حسین نائچ کی مدعیت میں لڑکی سے زیادتی کا مقدمہ درج کیا گیا۔ لڑکی سلمی بروہی سے دارالامان لاڑکانہ میں لیے گئے تازہ بیان کے بعد جج کے خلاف قانونی کارروائی میں یہ پیش رفت ہوئی۔

ڈی ایس پی سہون بشیر کھونہارو نے سلمی بروہی سے دارالامان انتظامیہ کے سامنے دوسرا بیان لیا جس میں اس نے زیادتی کی تصدیق کی۔ پولیس کے اعلی افسران کی ہدایت پر جج کے خلاف مقدمے میں دفعہ 376 اور 506 شامل کی گئی ہیں۔واضح رہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ سیہون امتیاز حسین بھٹو کو لڑکی کے ساتھ زیادتی کرنے پر مس کنڈکٹ کی بنیاد پر معطل کرکے سندھ ہائیکورٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔


ای پیپر