نواز شریف کی حکومت نہیں کہ کوئی آٹا مہنگا بیچ سکے : عمر تنویر
22 جنوری 2020 (20:08) 2020-01-22

اسلام آباد:چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی عمر تنویر نے کہا ہے کہ (ن)لیگ کے پاس بیچنے کیلئے اب کوئی چورن نہیں بچا ہے کہ وہ بیچ سکیں اس لئے وہ آٹا بحران کا مسئلہ کھڑا کر رہے ہیں،پنجاب بھر میں آٹا 45روپے فی کلو ہر دکان میں دستیاب ہے،بیس کلو آٹے کا تھیلا805روپے میں دستیاب ہے، کسی فلورمل یا یوٹیلیٹی سٹور کا بتا دیں جہاں آٹا مہنگا مل رہا ہے، نواز شریف کی حکومت نہیں کہ ملک میں کوئی بھی آٹا اور چین کا بحران پیدا کر دے،عظمیٰ بخاری خود بھی آٹا کھائیں اور عزیز و واقارب کو بھی آٹا دیں،کہیے گا آپ کے گھر آٹے کا ٹرک پہنچ گیا ہے اب تو آپ کے ہاں آٹے کی کوئی کمی نہیں ہو گی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری کے بیان پرردعمل دیتے ہوئے چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی عمر تنویر نے کہا کہ عظمیٰ بخاری نے ایک پروگرام میں آٹے کی قلت کی بات کی تھی، عظمیٰ بخاری نے خواہش کا اظہار کیا تھا کہ آٹا ان کے گھر بھجوایا جائے۔عظمیٰ بخاری خود بھی آٹا کھائیں اور عزیز و واقارب کو بھی آٹا دیں۔ عظمیٰ بخاری صاحبہ کہیے گا آپ کے گھر آٹے کا ٹرک پہنچ گیا ہے اب تو آپ کے ہاں آٹے کی کوئی کمی نہیں ہو گی۔

عمر تنویر نے کہا کہ آٹے کا بحران نہیں بلکہ یہ (ن) لیگ کا پروپیگنڈا ہے، عام دکانوں پر آٹا دستیاب ہے، کیا عظمیٰ بخاری کو آٹے کی دستیابی پر افسوس ہوا، بیس کلو آٹے کا تھیلا805روپے میں دستیاب ہے، کسی فلورمل یا یوٹیلیٹی سٹور کا بتا دیں جہاں آٹا مہنگا مل رہا ہے، (ن)لیگ کے پاس بیچنے کیلئے اب کوئی چورن نہیں بچا ہے کہ وہ بیچ سکیں اس لئے وہ آٹا بحران کا مسئلہ کھڑا کر رہے ہیں ۔


ای پیپر