میرے گھرآٹے کا ٹرک بھجوانا افسوسناک ہے: عظمیٰ بخاری
22 جنوری 2020 (18:45) 2020-01-22

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ میرے گھر کے باہر آٹے کا ٹرک بھجوانا افسوسناک ہے، اگر ہر جگہ آٹا دستیاب ہے تو ٹرک لے کر کیوں گھوم رہے ہیں، میں نے کل ٹاک شو میں کہا کہ ماڈل ٹائون میں بھی آٹا نہیں مل رہا، پنجاب حکومت کے کہنے پر میرے گھر کے باہر تماشہ کیا گیا۔

ایک انٹرویو میں مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کل ایک ٹاک شو میں آٹے کے بحران پر بات کی تھی، مجھے کہا گیا کہ آٹے کا کوئی بحران نہیں ہے۔ میں نے جواب دیا کہ جہاں آٹا مل رہا ہے تو مجھے بھی بھجوا دیں، میرے گھر کے باہر آٹے کا ٹرک بھجوانا افسوسناک ہے، میں نے کنٹرولر فوڈ کو کہا کہ میرے گھر کے باہر تماشا کیوں کر رہے ہیں، ٹرک وہاں لے کر جائیں جہاں آٹا نہیں مل رہا۔

عظمی بخاری نے کہا کہ کنٹرولر فوڈ کا اصرار تھا کہ ٹرک آپ کے گھر کے باہر کھڑا رہے گا، نا اہل حکومت کو ہمیں ہی بتانا ہے کہ آٹا کہاں نہیں ہے یہ استعفیٰ دیں اور گھر جائیں، پنجاب میں آٹے کا بحران برقرار ہے۔ اہلکاروں نے آٹے کے 30,40تھیلے گھر کے باہر رکھے۔


ای پیپر